اقوام متحدہ کے تحت آج دنیا بھر میں ’’ یوم ملالہ‘‘ منایا جائیگا گورڈن براؤن

سابق برطانوی وزیر اعظم،زرداری سے ملاقات،10لاکھ افرادکے دستخط پرمبنی دستاویزپیش،نوبل انعام دیاجائے


News Agencies/AFP/Numainda Express November 10, 2012
اسلام آباد: صدر زرداری ملالہ یوسف زئی اور تعلیم سے متعلق اقوام متحدہ کے نمائندے گورڈن برائون کی جانب سے تیار کی جانیوالی پٹیشن پر دستخط کررہے ہیں۔ فوٹو : اے پی پی

اقوام متحدہ نے ملالہ یوسفزئی پر قاتلانہ حملے کو ایک ماہ مکمل ہونے کے موقع پر آج ہفتے کو عالمی سطح پر ''ملالہ ڈے'' منانے کااعلان کیاہے،تعلیم کیلیے اقوام متحدہ کے سفیر گورڈن برائون نے صدر آصف علی زرداری سے ملاقات میں ملالہ کی حمایت میں 10 لاکھ سے زائد افراد کے دستخطوں پر مشتمل دستاویز پیش کردی ہے جبکہ دنیا بھر کے88 ہزار سے زائد افراد نے ایک آن لائن پٹیشن کے ذریعے طالبہ کو امن کے نوبل انعام کیلیے نامزد کیا ہے۔

جمعہ کو ایوان صدر اسلام آباد میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے وسیلہ تعلیم پروگرام کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی جس میں تعلیم کیلیے اقوام متحدہ کے سفیر اور سابق برطانوی وزیراعظم گورڈن برائون نے بھی شرکت کی، تقریب سے خطاب میں صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ بچوں کو تعلیم دینے کا فرض ادا نہ کیا تو تاریخ ہمیں معاف نہیں کرے گی، غربت اور جہالت شدت پسندی کو جنم دیتی ہے ، غربت اور جہالت اکٹھی نہیں رہ سکتی ، ان کیخلاف جنگ کرتے رہیں گے۔ انہھں نے کہا کہ تعلیم ہربچے کا بنیادی حق بن چکا ہے ، تعلیم سے ہی انتہاپسندی کا مقابلہ کیا جاسکتا ہے، وسیلہ تعلیم پروگرام کے تحت 30 لاکھ بچوں کو وظائف دیئے جائینگے ، تقریب میں صدر مملکت نے گورڈن کو پاکستان اور یہاں کے عوام کا دوست قرار دیتے ہوئے ان کا گرمجوشی سے خیرمقدم کیا۔ اس موقع پر گورڈن برائون نے کہا کہ ملالہ یوسفزئی صحت مند ہیں اور اپنے پائوں پر کھڑی ہوسکتی ہے۔

2015 تک ہر بچے کو تعلیم سے آراستہ کرنے کا ہدف حاصل کرنے اور غربت کے خاتمے کیلئے دنیا پاکستان کی مدد کو تیار ہے۔ انھوں نے کہا کہ ملالہ ڈے کے موقع پر دنیا بھر کے 120 ممالک میں خصوصی تقاریب کا انعقاد کرکے اس بہادر لڑکی کیساتھ اظہار یکجہتی کیا جائیگا اور اس کی جلد صحت یابی کے تحریری پیغامات پر دستخط بھی کیے جائیں گے ، اس موقع پر ملالہ کے بہترین علاج معالجہ کا بندوبست کرنے پر پاکستان کی قیادت کا بھی شکریہ ادا کیا جائیگا، انھوں نے لڑکیوں کی تعلیم کیلئے اقوام متحدہ کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چیئرپرسن فرزانہ راجہ نے کہا کہ پاکستان میں 90 لاکھ بچے بنیادی تعلیم سے محروم ہیں ، ان بچوںکوتعلیم سے بہرمند کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔

اس موقع پر پاکستان میں فروغ تعلیم کے متعلق دستاویزی فلم دکھائی گئی ، صدر نے ملالہ سے اظہار یکجہتی کی دستاویز پر دستخط کئے اور بچوں میں وظائف تقسیم کیے جبکہ بے نظیر بھٹو شہید کیلیے فاتحہ خوانی بھی کی گئی ، ملالہ ڈے پر اپنے پیغام میں انھوں نے کہا کہ دخترپاکستان پرحملہ کے بعد ہم ہاتھ پر ہاتھ رکھ کر نہیں بیٹھ سکتے ، ہمیں فوری طور پر قدم اٹھانا ہے ۔ ادھر ''چینج ڈاٹ اوآرجی '' نامی ویب سائٹ پر آن لائن پٹیشن پر دستخط کرنیوالوں کا کہنا ہے کہ ملالہ ان لوگوں کی ترجمانی کرتی ہے جنہیں تعلیم سے محروم کیا جاتا ہے، برطانوی حکومت اس مہم کا ساتھ دے، اس مہم سے وابستہ ایک برطانوی کارکن شاہدہ چوہدری نے اے ایف پی کو بتایا کہ ملالہ کو امن کا نوبل انعام دیا جانا دنیا کو ایک واضح پیغام دیگا اور خواتین کی تعلیم کیلیے آواز اٹھانے والوں کی حوصلہ افزائی کا باعث ہوگا۔

ملالہ ڈے کے موقع پر اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہاہے کہ ملالہ پوری دنیا کی لڑکیوں کی تعلیم کیلیے مشعل راہ ہے، تعلیم کاحصول انسان کا بنیادی حق ہے،دنیا بھرکے لوگ ملالہ کیلئے آواز بلند کرینگے۔ بی بی سی کے مطابق ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان نے ملالہ ڈے منانے کا فیصلہ خوش آئند قرار دیا ہے اور حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ عہد کرے کہ بچوں خاص طور پر بچیوں کی تعلیم کے حق کیلیے تمام تر توانائیاں بروئے کار لائیگی۔اس سے قبل گزشتہ روزملالہ کے والد ضیا الدین یوسفزئی نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا تھا کہ وہ ان لوگوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے ملالہ کی حمایت کی اور اس پر ہونیوالے قاتلانہ حملے کی مذمت کی۔ ملالہ ڈے کے موقع پر انٹرنیشنل ہیومن رائٹس آبزرور اسلام آباد میں ''ملالہ زندہ باد کنونشن'' کا انعقاد کریگی جبکہ پختونخواسول سوسائٹی نیٹ ورک کے زیر اہتمام پشاور میں سیمینار منعقد ہوگا، دیگر شہروں اور آزاد کشمیر میں بھی تقاریب منعقد کی جائیں گی۔