پاکستان کی بنگلہ دیش کے خلاف فتح

پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے اپنے پہلے میچ میں بنگلہ دیش کو 55رنز سے ہرا دیا۔


Editorial March 17, 2016
پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے اپنے پہلے میچ میں بنگلہ دیش کو 55رنز سے ہرا دیا۔

KARACHI: پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے اپنے پہلے میچ میں بنگلہ دیش کو 55رنز سے ہرا دیا۔ اس میچ میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے تمام شعبوں میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیاجس کا نتیجہ جیت کی شکل میں سامنے آیا۔ ابتدائی بلے بازوں نے ماضی کی روایت کو توڑتے ہوئے سمجھداری سے بلے بازی کی۔یوں پاکستان 20اوورز میں 201رنز بنانے میں کامیاب ہو گیا۔ 20اوورز کے میچ میں یہ خاصا بڑا اسکور ہے۔

دوسری باری لینے والی ٹیم کے لیے یہ ہدف پورا کرنا بہت مشکل کام ہے' وہی ہوا' بنگلہ دیش کے کھلاڑی اس دباؤ سے نہ نکل سکے اور یکے بعد دیگرے آوٹ ہوتے چلے گئے۔ پاکستان کے باؤلرز نے بھی اچھی بالنگ کی' پاکستانی ٹیم کے لیے یہ میچ جتنا انتہائی ضروری تھا کیونکہ پہلا میچ جیت کر کھلاڑیوں کے مورال میں اضافہ ہو جاتا ہے۔ پاکستان کا پول خاصا سخت ہے' اس میں بھارت' آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ جیسی مضبوط ٹیمیں شامل ہیں۔

نیوزی لینڈ ٹی ٹوئنٹی کی بہترین ٹیم ہے' اس نے پہلے میچ میں بھارت کی مضبوط ٹیم کو بڑی آسانی سے ہرا دیا' پاکستان نے جیت کے ساتھ اپنے سفر کا آغاز کیا ہے' ابھی اسے مشکل مرحلے طے کرنا ہے۔پاکستان کے کھلاڑیوں کو اگلے میچوں میں غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہے تاہم یہ امر اطمینان بخش ہے کہ پاکستانی کھلاڑیوں کے اعتماد میں اضافہ ہو رہاہے۔ بلے باز بہتر انداز میں کھیلے ہیں' اگر اگلے میچوں میں بھی بلے بازوں نے میچ کی سچویشن کے مطابق بلے بازی کی تو پاکستان اپنی کامیابی کا سفر جاری رکھے گا۔