پاک بھارت ٹاکرا دیکھنے کیلئے پاکستانی سفارت کاروں کو بھی میچ دیکھنے کی اجازت مل گئی

میچ کولکتہ میں کھیلا جائے گا، ٹیم کا مورال بلند ہے ،کارکردگی کو بھارت کے خلاف بھی جاری رکھیں گے، شاہد آفریدی


News Agencies March 18, 2016
بھارتی حکومت نے پاکستانی ہائی کمیشن کے 34میں سے 10ارکان کو بمعہ خاندان پاکستان کے چاروں میچز دیکھنے کی اجازت دیدی ۔ فوٹو؛ فائل

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان اپنا دوسرا میچ روایتی حریف بھارت سے ہفتے کو ایڈن گارڈن کرکٹ اسٹیڈیم کولکتہ میں کھیلے گا، پہلے میچ میں فتح سے گرین شرٹس کے کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہیں۔

اب تک کھیلے گئے 7 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں سے 5 میں بھارت اور صرف ایک میں گرین شرٹس نے کامیابی حاصل کی۔ دوسری جانب پاکستان کو ایڈن گارڈن اسٹیڈیم کولکتہ میں بھارت سے ناقابل شکست رہنے کا اعزاز حاصل ہے۔ گرین شرٹس کے کپتان شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ بنگلادیش کیخلاف ٹیم نے بہت اچھا پرفارم کیا جس کے باعث ٹیم کا مورال بہت بلند ہے، اس کارکردگی کو بھارت کیخلاف بھی جاری رکھیں گے۔

ادھر ویمنز ورلڈ ٹی 20 کپ میں قومی خواتین کرکٹ ٹیم بھی اپنا دوسرا گروپ میچ ہفتے کو روایتی حریف بھارت کیخلاف فیروز شاہ کوٹلہ اسٹیڈیم دہلی میںکھیلے گی۔ دریں اثنا بھارتی حکومت نے پاکستانی ہائی کمیشن کے 34 میں سے 10 حکام کو بمعہ خاندان پاک بھارت میچ سمیت پاکستان کے چاروں میچز دیکھنے کی اجازت دیدی جب کہ ڈیفنس ایڈوائزر، پریس اتاشی، پولیٹیکل قونصلر، نیول ایڈوائزر اور ایئر فورس ایڈوائزر کو میچز دیکھنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ 19حکام کو اجازت دینے کی بھارتی خبر گمراہ کن ہے۔

مقبول خبریں