شرجیل پاکستان کی سیمی فائنل میں رسائی کیلیے پرامید

آسٹریلیا سے میچ اہم ہوگا، کنڈیشنز اور کراؤڈ کی سپورٹ کا فائدہ اٹھانا چاہوں گا، اوپنر


Sports Reporter March 24, 2016
آسٹریلیا سے میچ اہم ہوگا، کنڈیشنز اور کراؤڈ کی سپورٹ کا فائدہ اٹھانا چاہوں گا، اوپنر ۔فوٹو : اے ایف پی

قومی اوپنر شرجیل خان آسٹریلیا کے خلاف میچ جیت کر ٹوئنٹی20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل تک رسائی کے لیے پر امید ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے سے بات چیت میں شرجیل خان نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی طرف سے 180 کا ٹارگٹ تھا، کوشش یہی تھی کہ پاور پلے کا بہترین انداز میں استعمال کر کے ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کریں، اللہ کا شکر ہے کہ پاور پلے میں جتنا کر سکتے تھے وہ ہم نے کیا، دو ، تین اوورز مزید وکٹ پر کھڑا رہتا تو اسکور کو مزید آگے تک لے کر جا سکتا تھا اور بعد میں آنے والے بیٹسمینوں کے لیے آسانی ہو سکتی تھی۔ انھوں نے کہا کہ یہ ہمارے لیے انتہائی اہم میچ تھا، اوپنر کا کام اچھا آغاز فراہم کرنا ہوتا ہے جو ہم نے کر دیا لیکن بدقسمتی سے میچ نہ جیت سکے جس کا افسوس ہے۔

پاکستانی اوپنر کا کہنا تھا کہ چیزیں ابھی ختم نہیں ہوئی ہیں، ہمارے پاس ابھی چانس ہے، آسٹریلیا کے خلاف جیت گئے تو میگا ایونٹ کے سیمی فائنل میں جائیں گے۔ بیٹسمینوں کی خامیوں کے حوالے سے سوال پر ان کا کہنا تھا ، ایسا بالکل نہیں ہے، نیوزی لینڈ کے خلاف میچ ہی دیکھ لیں، ہم نے اچھا اسٹارٹ کیا، ٹوئنٹی 20 فارمیٹ ہی ایسا ہے جس میں اگر کوئی بیٹسمین سیٹ ہوجائے تورنزبنانا مزیدآسان ہوجاتے ہیں، سب نے پوری کوشش کی، تھوڑی سی ڈاٹ بال ہوئیں جس کی وجہ سے ٹیم کو مسئلہ ہوا، ایک اور سوال پر انھوں نے کہا کہ میچ کے دوران میرے سارے ہی شاٹ اچھے تھے، بڑا اچھا ماحول تھا، کراؤڈ بھی زبردست تھا، اگر ٹیم جیت جاتی تو زیادہ خوشی ہوتی۔