عوام نہ جاگے تو حکمران سندھ کے ٹکڑے کردینگے ماروی میمن

نون لیگ وڈیروں کے دور کا خاتمہ کرکے سندھ میں امن و خوشحالی لائیگی، جلسے سے خطاب.


Nama Nigar November 12, 2012
نون لیگ وڈیروں کے دور کا خاتمہ کرکے سندھ میں امن و خوشحالی لائیگی، جلسے سے خطاب. فوٹو: ایکسپریس

مسلم لیگ (ن) کی رہنما ماروی میمن نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی موجودہ حکومت نے پہلے ذوالفقار آباد منصوبہ اور اب دہرا بلدیاتی نظام نافذکر کے خود کو سندھ کا سب سے بڑا دشمن ثابت کردیا ہے۔

سندھ کے عوام اب بھی نہ جاگے تو پھر وہ دن دور نہیں جب موجودہ حکومت سندھ کو ٹکڑوں میں تقسیم کردے گی اور سندھ کے عوام اپنی دھرتی پر غلاموں کی سی زندگی بسر کرنے پر مجبو ہوجائینگے۔ دھابے جی، غریب آباد مارکیٹ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ کے غیور عوام نے سرداروں، وڈیروں اور جاگیرداروں کو مسترد کردیا اور مسلم لیگ (ن) عوامی طاقت سے ان ظالم اور جابر حکمرانوں کے سیاہ دور کا خاتمہ کرکے سندھ میں امن اور خوشحالی لائیگی۔

جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سید خدا ڈنو شاہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی موجودہ حکومت جمہوریت کے دعوے تو کرتی ہے مگر انکے موجودہ دور حکومت سے جنرل ضیاء الحق کا دور لاکھ درجے بہتر تھا، مسلم لیگ یوتھ ونگ سندھ کے صدر راجہ انصاری نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت نے روٹی، کپڑا اور مکان کا نعرہ لگا کر عوام سے ووٹ لیے اور بدلے میں انہیں بیروزگاری، بدامنی اور لاقانونیت کے سوا کچھ نہیں دیا۔ اس وقت ضلع ٹھٹھہ سمیت پورے سندھ میں لوٹ کھسوٹ، غریبوں کی زمینوں پر قبضے ، مظلوم اور بے گناہ لوگوں پر جھوٹے مقدمات درج کیے جارہے ہیں، اس موقع پر انجینئر رفیق بڑرو، ارباب خادم حسین بڑرو و دیگر نے بھی خطاب کیا۔

مقبول خبریں