آمریت چل سکتی ہے ظلم نہیں یہ نظام بدلیں گے عمران خان

مسئلہ کشمیر کا حل مذاکرات ہیں، پاکستان، بھارت پیسہ اسلحہ کی بجائے عوام پر خرچ کریں


News Agencies November 16, 2012
میرپور: تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان جلسہ عام سے خطاب کررہے ہیں۔ فوٹو: این این آئی

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ کشمیرجل رہا ہے، مسئلہ کشمیر کا حل بندوق سے نہیں، مذاکرات سے کیا جائے، آزاد کشمیر کے فیصلے مظفر آباد میں ہونے چاہئیں۔

آزاد کشمیر کے شہر میرپور میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف اقتدار میں آکر سب سے پہلے مسئلہ کشمیر حل کرے گی،پاکستان، بھارت جنگی سازوسامان کی بجائے پیسہ عوام پر خرچ کریں۔ انھوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیراب بہت آگے پہنچ چکا ہے لیکن اسے پیپلزپارٹی کی حکومت نے ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔

ثناء نیوز کے مطابق تحریک انصاف کے چیئرمین نے کہا کہ پاکستان نے امریکی مفادات کے تابع ہو کر شمالی وزیرستان میں دہشتگردی کے خلاف جنگ کی آڑ میں ایک لاکھ 40 ہزار افواج کو یرغمال بنا رکھا ہے۔ انھوں نے کہا کہ قانون سب کیلیے برابر ہونا چاہیے، بے روزگار چور کو گرفتا ر کرلیا جاتا ہے لیکن آصف زرداری جیسے ڈاکو این آر اوکے تحت بچ نکلتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ حکمرانوں نے پاکستان کو بکائو مال سمجھ رکھا ہے۔