گلوکاروں کی نوحہ خوانی شوبز سرگرمیاں معطل اداکارائوں نے سیاہ لباس زیب تن کرلیے

خوشبو،صائمہ خان،مدیحہ شاہ،ندا چوہدری،میگھا،نادیہ علی،شاہدہ منی،سائرہ نسیم،دردانہ رحمان،ترنم ناز اور حمیرا چنا شامل ہیں


Cultural Reporter November 17, 2012
محرم الحرام کے آغاز پر کئی اداکارائوں نے زنجیریں پہن لیں،عذرا، صائمہ جہاں، ریحانہ اختر، ظل ہما، جرار رضوی کے گھر مجالس عزاء برپا ہونگی۔ فوٹو: فائل

محرم الحرام شروع ہوتے ہی اداکارائوں نے سیاہ لباس زیب تن کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق ہر سال کی طرح امسال بھی فنکاروں کی اکثریت عاشورہ تک اپنی شو بز سر گرمیاں معطل رکھیں گے اور انھوں نے سیاہ لباس بھی زیب تن کر لیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق شوبز سے تعلق رکھنے والے فنکاروں نے ماضی کی طرح رواں برس بھی محرم الحرام کے احترام میں اپنی مصروفیات ترک کردی ہیں اور محرم کے 12روز نہایت عقیدت واحترام سے منائیں گے۔ اس دوران صرف چند ٹی وی ڈرامہ سیریلز اور آن ائیر ٹی وی پروگراموں کی ریکارڈنگز کا سلسلہ آٹھویں محرم تک جاری رہیگا۔

تھیٹر سے وابستہ اداکارہ خوشبو' صائمہ خان' مدیحہ شاہ ' ندا چوہدری' میگھا ' نادیہ علی اور دیگر نے بارہ محرم تک کام نہ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے ان سمیت گلوکارہ شاہدہ منی 'سائرہ نسیم ' دردانہ رحمان ' ترنم ناز 'حمیرا چنا نے سیاہ لباس زیب تن کرلیے ہیں۔ یہ فنکار چار محرم سے اپنے گھروں میں مجالس اور نیاز کا سلسلہ شروع کردینگے ۔ چار محرم کو میوزک ڈائریکٹر طافو اور گلوکارہ ترنم ناز مجالس اورنیاز کا اہتمام کرینگی۔ پانچ محرم کو اداکارہ شین ' عائشہ جاوید ' زریں اور حامد علی خان کے گھروں میں مجالس ہونگی۔ چھ محرم کو گلوکارہ سائرہ نسیم ' حمیرا چنا اور سنبل راجہ مجالس کا انعقاد کرینگی۔

ساتویں محرم کو گلوکارہ عذرا جہاں، صائمہ جہاں اور ریحانہ اختر اور آٹھ محرم کو گلوکارہ ظل ہما، سابق اداکارہ اور فلمساز شوکت حسین رضوی مرحوم کی اہلیہ یاسمین شوکت اور ہدایتکار جرار رضوی کے گھر مجالس اور نیاز ہوگی۔ نویں محرم کو اداکارہ وگلوکارہ دردانہ رحمان اپنی رہائش گاہ پر خواتین کی مجلس عزا کا اہتمام کرینگی۔ بارہ محرم کو گلوکارہ شاہدہ منی اور نرگس جب کہ ڈریس ڈیزائنر نجیبہ بی جی چودہ محرم کو گلبرگ میں مجلس اور نیاز کا اہتمام کرینگی۔ محرم الحرام کا چاند نظر آتے ہی اداکارہ نادیہ علی ' سنبل راجہ سمیت دیگر نے زنجریں پہن لی ہیں۔ان کے علاوہ معروف گلوکاروں کے نوحوں اور قصیدوں پر مشتمل آڈیو ویڈیو البمز بھی مارکیٹ میں آگئے ہیں۔

مقبول خبریں