حصص مارکیٹ پرافٹ ٹیکنگ تیزی 32 پوائنٹس تک محدود

اتارچڑھاؤ، انڈیکس 35974 پوائنٹس پربند،تیزی کے باوجودبیشترکمپنیوں کی قیمتیں نیچے


Business Reporter May 07, 2016
مارکیٹ سرمایہ پھربھی3ارب روپے بڑھ گیا، 28 کروڑ 60لاکھ حصص کے سودے فوٹو: آئی این پی/فائل

پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں جمعرات کومنافع کے حصول پر رحجان غالب ہونے اور شدید اتارچڑھاؤ کے باوجود محدود پیمانے پر تیزی دیکھی گئی جس سے 43.61 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں مزید2 ارب98 کروڑ69 لاکھ 29 ہزار848 روپے کا اضافہ ہوگیا۔

ماہرین اسٹاک کا کہنا تھا کہ فرٹیلائزرسیکٹر میں سرمایہ کاری بڑھنے سے مارکیٹ کا مورال تیزی کی جانب گامزن ہوا حالانکہ بینکنگ، آئل اور انرجی سیکٹر میں منافع کے حصول کے لیے فروخت کے بڑھتے ہوئے دباؤ کی وجہ سے کاروباری دورانیے میں ایک موقع پر110.07 پوائنٹس کی مندی بھی رونما ہوئی، بعدازاں انڈیکس کے دیگر آئٹموں میں خریداری سرگرمیاں غیرمعمولی بڑھنے سے ایک موقع پر 260.89 پوائنٹس کی تیزی سے انڈیکس کی36000 پوائنٹس کی نفسیاتی حد بحال ہو گئی تھی لیکن مذکورہ حد زیادہ دیر مستحکم نہ رہ سکی اور مارکیٹ میں دوبارہ پرافٹ ٹیکنگ کا رحجان غالب ہوا ۔

جس کے نتیجے میں محدود پیمانے پر تیزی ہوئی، کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس32.22 پوائنٹس کے اضافے سے 35973.69 پوائنٹس اور کے ایس ای30 انڈیکس 4.50 پوائنٹس کے اضافے سے 21095.17پوائنٹس ہوگیا جبکہ اسکے برعکس کے ایم آئی30 انڈیکس7.47 پوائنٹس کی کمی سے62616.88 اور کے ایم آئی آل شیئرانڈیکس5.12 پوائنٹس کی کمی سے16681.89 ہوگیا، کاروباری حجم جمعرات کی نسبت14 فیصد زائد رہا اور مجموعی طور پر28 کروڑ60 لاکھ69 ہزار830 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار360 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں 157 کے بھاؤ میں اضافہ، 178 کے داموں میں کمی اور25 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

جن کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ان میں باٹا پاکستان کے بھاؤ100 روپے بڑھ کر3500 روپے اور ہینوپاک موٹرز کے بھاؤ46.21 روپے بڑھ کر 1114.96 روپے ہوگئے جبکہ نیسلے پاکستان کے بھاؤ33.80 روپے کم ہو کر 7300 روپے اورانڈس ڈائنگ کے بھاؤ 31.71 روپے کم ہوکر609 روپے ہوگئے۔