پاکستان گارمنٹس کا علاقائی مرکزبن سکتاہےورلڈبینک

شعبے کودرپیش رکاوٹیں دور، سہولتیں فراہم اورمعیاری مصنوعات تیارکرنے پرتوجہ دی جائے


APP May 07, 2016
چینی ملبوسات مہنگے ہونے سے پاکستان میں روزگارکے9فیصدزائدمواقع پیداہوں گے، رپورٹ فوٹو: اے ایف پی/فائل

عالمی بینک نے کہا ہے کہ پاکستان میں ملبوسات تیار کرنے کی صنعت مستحکم اور تیزی سے ترقی کی جانب گامزن ہے، اس صنعت پر مزید توجہ دے کر پاکستان کو ملبوسات مینوفیکچرنگ کا علاقائی مرکز بنایا جا سکتا ہے، چینی ملبوسات کی قیمتوں میں 10فیصد کے اضافے سے پاکستان میں ملبوسات کی صنعتوں میں روزگار میں 8.93 فیصد اضافہ ہوگا جس سے خواتین کو سب سے زیادہ روزگار کے مواقع ملیں گے۔

جمعہ کو عالمی بینک کی جانب سے جاری رپورٹ میں جنوبی ایشیائی ملکوں پر زوردیا گیا ہے کہ وہ روزگار اور پیداوار میں اضافے کے لیے گارمنٹس مینوفیکچرنگ صنعتوں کو درپیش رکاوٹوںکو دور کریں اور اس صنعت کی ترقی کے لیے سہولتوں کی فراہمی پر توجہ دیں، کامیاب مینوفیکچررز وہ تصور ہوں گے جو تیزی سے خریداروں کو معیاری مصنوعات کی بڑے پیمانے پر فراہمی کر سکیں، چینی ملبوسات کی قیمتوں میں اضافے سے پاکستان میں گارمنٹس سیکٹر میں روزگار میں 8.93 فیصد، بنگلہ دیش میں4.22 فیصد اور بھارت میں3.32 فیصد اضافہ ہو گا۔

خواتین کی بڑی تعداد کو بھی روزگار کے مواقع ملیں گے۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان میں متوقع اجرتوں میں 1 فیصد اضافے سے لیبرفورس میں خواتین کی شمولیت میں16.3فیصد اضافہ ہوگا۔ پاکستان میں عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ بیروزگاری کا خاتمہ حکومتوں کی اولین ترجیح ہوتی ہے جبکہ ملبوسات تیار کرنے والی صنعتیں پاکستان میں غریبوں خصوصاً خواتین کو روزگار کی فراہمی کا بڑا ذریعہ ہیں۔

مقبول خبریں