مدثر نذر کی راہ سے آخری رکاوٹ بھی دور ہو گئی

پی سی بی گورننگ بورڈ نے بطور ڈائریکٹر اکیڈمیز تقرری کو شرف قبولیت بخش دی


Saleem Khaliq May 15, 2016
دورئہ انگلینڈ کے لیے کرنل نوشاد علی کو اے ٹیم منیجر مقرر کرنے کا فیصلہ کرلیاگیا۔ فوٹو: فائل

مدثر نذر کی راہ سے آخری رکاوٹ بھی دور ہو گئی، پی سی بی گورننگ بورڈ نے بطور ڈائریکٹر اکیڈمیز تقرری کو شرف قبولیت بخش دی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے کچھ عرصے قبل مدثر نذر کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی کا ڈائریکٹر مقرر کرنے کا ارادہ کیا تھا، اس ضمن میں رسمی اشتہار دینے کے بعد جب علم ہوا کہ وہ گریجویٹ نہیں ہیں تو ترمیم کر کے یہ شرط ہی ختم کر دی گئی،اس کے بعد سابق آل راؤنڈر نے درخواست دی، چیئرمین شہریار خان نے رسمی کارروائی پوری کرنے کیلیے گذشتہ دنوں گورننگ بورڈ ارکان سے مدثر نذر کی تقرری پر رائے طلب کی۔

ذرائع نے بتایا کہ کسی نے بھی کوئی اعتراض نہ کیا، مدثر ممکنہ طور پر یکم جون کو عہدہ سنبھالیں گے، اکیڈمی کے تمام معاملات وہی دیکھیں گے، موجودہ ڈائریکٹر گیم ڈیولپمنٹ ایزد سید کے اختیارات اب کم ہو جائیںگے، وہ کلب، اسکول، کالج، ویمنز و دیگر کرکٹ کے ہی نگراں رہ جائیں گے، مدثر ان دنوں آئی سی سی اکیڈمی میں فرائض انجام دے رہے ہیں، وہ جدید کرکٹ کی باریکیوں سے بخوبی واقف ہیں،بورڈ کو یقین ہے کہ ان کے آنے سے نئے ٹیلنٹ کو نکھارنے میں خاصی مدد ملے گی۔ دوسری جانب اے ٹیم کے دورئہ انگلینڈ کیلیے کرنل (ر) نوشاد علی کو منیجر مقرر کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا، وہ ماضی میں کئی بار سینئر سائیڈ کیلیے بھی یہ ذمہ داری انجام دے چکے ہیں، پی سی بی سیریز کیلیے سابق ٹیسٹ بیٹسمین اور موجودہ جونیئر چیف سلیکٹر باسط علی کو کوچ بنانے کا فیصلہ پہلے ہی کر چکا ہے۔