غیرملکی سرمایہ کاری10ماہ میں775فیصد گر گئی

نجی اورسرکاری پورٹ فولیوانویسٹمنٹ سے40کروڑ ڈالر کے انخلا نے بیرونی سرمایہ کاری کو61 کروڑ55 لاکھ ڈالرتک محدودکردیا


Business Reporter May 18, 2016
براہ راست بیرونی سرمایہ کاری جولائی تااپریل5.4فیصداضافے سے 1 ارب 1 کروڑ 63 لاکھ ڈالر رہی، اسٹیٹ بینک،رپورٹ جاری فوٹو: اے ایف پی/فائل

پاکستان میں رواں مالی سال کے ابتدائی 10ماہ کے دوران مجموعی غیرملکی سرمایہ کاری 77.5فیصدگرگئی، اگرچہ جولائی سے اپریل کی مدت میں براہ راست بیرونی سرمایہ کاری 5.4 فیصد اضافے سے 1 ارب 1 کروڑ 63 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئی تاہم نجی و سرکاری پورٹ فولیوانویسٹمنٹ سے 40 کروڑ ڈالر کے انخلا نے مجموعی بیرونی سرمایہ کاری کو 61 کروڑ55 لاکھ ڈالرتک محدودکردیا۔

وفاقی حکومت کی جانب سے غیرملکی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے لیے تمام منصوبے تاحال ناکام ہیں، ملک میں امن و امان کی صورتحال نمایاں بہتر ہونے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ کامیابی سے آگے بڑھنے کے باوجود غیرملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد تاحال بحال نہیں ہوسکا اور اس ضمن میں وزیر اعظم نوازشریف کے لاؤ لشکر کے ساتھ تمام غیرملکی دورے بھی ناکام نظر آتے ہیں۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے منگل کو جاری کردہ ماہانہ رپورٹ کے مطابق جولائی 2015 سے اپریل 2016 کے دوران غیرملکی سرمایہ کاری 77.5فیصد کمی سے 61 کروڑ 55لاکھ ڈالر کی سطح پر آ گئی، گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں 2ارب 73 کروڑ 75لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی تھی، رواں مالی سال کے دوران غیرملکی نجی سرمایہ کاری 64.7 فیصد کمی سے 1ارب 80کروڑ ڈالر کے مقابلے میں 63کروڑ 51لاکھ ڈالر رہی ۔

جس میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کی مالیت 5.4فیصد کے اضافے سے 1ارب 1کروڑ 63لاکھ ڈالر رہی، پورٹ فولیو سرمایہ کاری 145.6فیصد کمی سے منفی 38کروڑ 12لاکھ ڈالر رہی جبکہ غیرملکی پبلک انویسٹمنٹ 102فیصد کمی سے 93 کروڑ 69 لاکھ ڈالر کے مقابلے میں منفی 1کروڑ 96لاکھ ڈالر رہی۔