حکومت سستے مکانات کے لیے اراضی دے گی گورنر سندھ

اب کسی کو شہر کا امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، گورنر


Business Reporter May 22, 2016
اب کسی کو شہر کا امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، گورنر فوٹو: فائل

گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ حکومت سستے مکانات کے لیے اراضی مہیاکرے گی کیونکہ شہرمیں سستے مکانات کی قلت سے تجاوزات بڑھ رہی ہیں، اس مسئلے کے حل کے لیے آباد تجاویز دے۔

آباد ایکسپو2016 کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے کہی انھوں نے کہا کہ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کاوشوں سے کراچی میں امن قائم ہوا، اب کسی کو شہر کا امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، تعمیراتی صنعت سے 100 سے زائد منسلکہ شعبوں کا پہیہ چلتا ہے، حکومت تعمیراتی صنعت کے مسائل سے غافل نہیں، آباد عوام کی فلاح کے لیے تجاویز دے، حکومت ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گی، آباد ایکسپو2016 کا انعقاد خوش آئندہے جس سے دیگر شعبوں کوبھی ترغیب ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ کراچی ترقی کرے گا تو ملک کا معاشی پہیہ بھی تیز ہوگا، قومی جزبے کو بڑھانے کے لیے مشترکہ سوچ اپنانے کی ضرورت ہے۔ آبادکے چیئرمین محمد حنیف گوہر نے کہا کہ نئے بجٹ میں بلڈرزپر20 روپے سے 210 روپے فی اسکوئر فٹ تک فکسڈ ٹیکس لاگوکیا جا رہا ہے، مسائل کے حل اور تیز رفتار معاشی ترقی کے لیے ٹی ڈیپ طرز پر ہر محکمے میں نجی شعبے کے تجربہ کار اور ایماندار شخصیات کی تقرریاں کی جائیں۔ انہوں نے ایف بی آر کے چھاپوں کے بارے میں گورنر سندھ کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ایسے عمل سے بلڈرز میں بے چینی پائی جارہی ہے جسے روکا جائے۔

کراچی میں قیام امن کے لیے آرمی چیف جنرل راحیل شریف، ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر، گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد اور آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ سے تشکرکا اظہار کرتے انہوں نے کہا کہ آباد ایکسپو کے پیٹرن انچیف بننے کی درخواست قبول کرکے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے اس ایونٹ کی اہمیت کو اجاگرکیا ہے۔ آباد کے پیٹرن انچیف محسن شیخانی نے کہا کہ ملک میں88 لاکھ گھروں کی قلت ہے جس میں سالانہ بنیادوں پراضافہ ہورہا ہے، اگر اس مسئلے پر ترجیحی اقدامات نہ کیے گئے تو ایسی بحرانی کیفیت ہوگی جس پر قابو پانا ناممکن ہوگا۔

انہوں نے صوبے کے لیے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ گورنر سندھ نے 14 سالہ سفر میں خندہ پیشانی سے ہر شعبے کی خدمت کی، آباد ایکسپو2016 کے لیے 32 ممالک کے وفود کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے جس میں12 ممالک کے وفود نے شرکت کے لیے رضامندی ظاہر کردی ہے۔ محسن شیخانی نے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان کی تجویز کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ آباد عوام کے وسیع تر مفاد میں سستے گھروں کے تعمیر کے لیے اپنی تجاویز مرتب کرے گی۔

ٹی ڈیپ کے چیف ایگزیکٹوایس ایم منیر نے کہا کہ ٹی ڈیپ اس سال146 نمائشوں میں حصہ لے گی، ٹی ڈیپ کو کرپشن سے پاک ادارہ بنادیا گیا ہے،آباد ایکسپو2016 کے انعقادسیایک نئے باب کا اضافہ ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تاجر اور صنعتی برادری ایف پی سی سی آئی کے ساتھ ایک صفحے پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرمائے کا ملک سے فرار رک گیا ہے لیکن جو غیرملکی کراچی میں آتے ہیں کچرے کے ڈھیر دیکھ کر ہمارا مذاق اڑاتے ہیں، شہر بھر میں کچرے کے انبار سے مختلف بیماریاں جنم لے رہی ہیں، اس مسئلے کا فوری حل تلاش کیا جائے۔ اس موقع پرشیخ خالد تواب اور آباد ایکسپو2016 کے کنوینرحارث مٹھانی نے بھی خطاب کیا۔