ٹنڈو الہیار جعلی زرعی ادویہ بیچنے والوں کیخلاف کریک ڈائون 3دکانیں سیل

ٹنڈوالہیار میں زرعی ادویہ اور کھاد کے80 دکاندار رجسٹرڈ ہیں جبکہ بغیر لائسنس کے فروخت کرنے والے بھی موجود ہیں ۔


Nama Nigar November 21, 2012
ٹندو الہیار مین بڑے پیمانے پر جعلی و غیر معیاری ادویہ کی فروخت سرعام جاری تھی۔ فوٹو: پی پی آئی/ فائل

ڈپٹی ڈائریکٹرزراعت ٹنڈوالہیار کا ضلع بھر میں جعلی، غیر معیاری زرعی ادویہ کی دکانوں پر چھاپے، 3 دکانیں سیل کردیں ، متعدد دکاندار دکانیں بند کرکے فرار ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق شہر و نواح میں بڑے پیمانے پر جعلی و غیر معیاری ادویہ کی فروخت سرعام جاری تھی جس کی وجہ سے ضلع بھر کے آباد گاروں میں تشویش پائی جاتی تھی، اس حوالے سے آبادگاروں نے کئی بار احتجاج بھی کیا۔ اخبارات میں خبریں شائع ہونے کے بعد ڈائریکٹر جنرل زراعت توسیع حیدرآباد ہدایت اللہ جھجرو کی خصوصی ہدایت پر ڈپٹی ڈائریکٹر ٹنڈوالہیار نثار احمد شیخ نے ضلع بھر میں غیر قانونی اور بغیر لائسنس کے جعلی و غیر معیاری زرعی ادویہ فروخت کرنیوالوں کیخلاف کریک ڈائون کیا۔

انہوں نے3 دکانوں کو سیل کردیا جن میں جھنڈو مری کے شاہنواز، ٹنڈوالہیار شہر کے نعمان اور دوست محمد شامل ہیں ۔ ڈپٹی ڈائریکٹر نے ''ایکسپریس '' سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ دکاندار بغیر لائسنس کے زرعی ادویہ فروخت کررہے تھے جبکہ جعلی اور غیر معیاری ادویہ بھی ان کے پاس موجود تھیں انہوں نے کہا کہ زرعی پرینٹی سائیڈ اور کھاد کے الگ الگ لائسنس دیئے جاتے ہیں۔ نثار احمد شیخ نے بتایا کہ ٹنڈوالہیار میں زرعی ادویہ اور کھاد کے80دکاندار رجسٹرڈ ہیں جبکہ بغیر لائسنس کے فروخت کرنیوالے بھی موجود ہیں جن کیخلاف کریک ڈائون جاری ہے ، پہلے مرحلے میں ہم نے 3 دکانوں کو سیل کردیا ہے ۔

مقبول خبریں