اداکار رئوف خالد کی پہلی برسی 24نومبر کو منائی جائے گی

رؤف خالد کی وجہ شہرت کشمیر کے موضوع پر بننے والی ڈرامہ سیریل ’’انگار وادی‘‘ اور ’’لاگ ‘‘ بنے۔


Cultural Reporter November 22, 2012
رؤف خالد نےسپرہٹ ڈرامہ سیریل ’’گیسٹ ہائوس‘‘ کے بھی خالق ہیں۔ فوٹو: فائل

معروف پروڈیوسر ' رائٹر ' ڈائریکٹر اور اداکار رؤف خالد کی پہلی برسی 24نومبر کو منائی جائے گی۔

مرحوم کا اصلی نام عبدالرئوف خالد تھا اور ان کا تعلق مردان سے تھا 'ان کی وجہ شہرت کشمیر کے موضوع پر بننے والی ڈرامہ سیریل ''انگار وادی'' اور ''لاگ '' بنے۔ جنھیں ڈائریکٹ ' پروڈیوس اور لکھنے کے علاوہ بطور اداکار بھی کام کیا۔ ان ڈرامہ سیریلز کے ذریعے بین الاقوامی سطح پر کشمیریوں کی حق خود ارادیت تحریک کو تقویت ملی وہیں بھارتی فوج اور حکومت کا گھنائونا چہرے بھی بے نقاب ہوا۔ ان ڈرامہ سیریلز کے ذریعے اداکار نیئر اعجاز اور خواجہ سلیم کو ملک گیر شہرت ملی۔

رؤف خالد نے پی ٹی وی اسلام مرکز سے آن ائیر جانیوالی سپرہٹ ڈرامہ سیریل ''گیسٹ ہائوس'' کے بھی خالق ہیں جس کے ذریعے جان ریمبو کو متعارف کروایا۔ انھوں نے بطور رائٹر ڈائریکٹر کیرئیر کا آغاز 1989ء میں منشیات کے موضوع پر بنائی جانیوالی ڈرامہ سیریل ''مدار'' سے کیا اس کے بعد1991ء میں 52 اقساط پرمشتمل ڈرامہ سیریل ''گیسٹ ہائوس'' کیا۔ ٹی وی کے علاوہ بطور رائٹر ' ڈائریکٹر ' پروڈیوسر 2003ء میں جدوجہد آزادی پر فلم ''لاج'' بنائی 'لیکن اسے وہ پذیرائی نہ مل سکی جس کی وہ توقع کر رہے تھے۔ 2008ء میں طویل عرصہ بعد تیسری میگا ڈرامہ سیریل ''مشال'' بنائی۔

مرحوم ہالی وڈ اسٹار جولیا رابرٹس کے ساتھ ایک فلم کرنا چاہتے تھے جس کے لیے اسے پاکستان آنے کی دعوت بھی دی 'لیکن وہ اپنی مصروفیات کے باعث انکار کردیا تھا۔ رئوف خالد سابق بیوروکریٹ تھے ۔ لوک ورثہ میں نیشنل انسٹیٹیوٹ آف کلچر انسٹیٹیوٹ کے بانی ہونے کے ساتھ چانسلر کی حیثیت سے فرائض بھی سرانجام دیتے رہے ۔

مرحوم کو مصوری سے بھی بے حد لگائو تھا ان کی پینٹنگز کی نمائش فائن آرٹ گیلری نیویارک اور اوماما آرٹ گیلری میں منعقد ہوئیں ۔ آخری دنوں میں چوتھی میگا ڈرامہ سیریل پر کام کر رہے تھے جس کا صرف پوسٹ پروڈکشن اور نام فائنل کرنا باقی رہ گیا تھا۔ رئوف خالد کو ان کی فنی خدمات پر پرائیڈ آف پرفارمنس کے علاوہ ''دی کشمیر میڈل'' سے بھی نوازا جاچکا ہے۔

مقبول خبریں