کارکے کا معاملہ حل نہ ہوا تو سرمایہ کاری متاثر ہوگی اردوان

قانونی پیچیدگیوں سے آگاہ اورصاف گوئی سے بات کرنا چاہتے ہیں، پرویز اشرف سے ملاقات


AFP/Numainda Express November 22, 2012
اسلام آباد: وزیراعظم راجا پرویز، ترک وزیراعظم طیب اردوان کا استقبال کررہے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی

آٹھ ترقی پذیرممالک کا 8 واںسربراہی اجلاس آج جمعرات کو اسلام آباد میں ہوگا۔

صدر زرداری اجلاس کی صدارت کرینگے، اجلاس میں شرکت کیلیے ایران کے صدر محمود احمدی نژاد ،نائیجیریا کے صدر گڈلک جوناتھن، انڈونیشیا کے صدر سوسیلو بمبانگ ، ترکی کے وزیراعظم رجب طیب اردوان، ملائیشیاء کے نائب وزیراعظم اور بنگلہ دیش کی وزیر اعظم کے مشیر برائے عالمی امور ڈاکٹر سید علی گوہر رضوی اسلام آبادپہنچ گئے ہیں، ہوائی اڈے پر تمام مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، کسی بھی مصری صدر کا یہ 40 جبکہ کسی بھی انڈونیشی صدر کا یہ 28 سال بعد پاکستان کا دورہ ہے۔

اجلاس کاموضوع ''جمہوری شراکت داری برائے امن اور خوشحالی'' ہے، اس دوران تنظیم کے چارٹر اور اسکے گلوبل ویژن کی دستاویز پر دستخط ہونگے جبکہ اختتام پر اعلامیہ اسلام آباد جاری کیا جائیگا۔ اجلاس میں رکن ممالک کے مابین تجارت کا سالانہ حجم 2018 تک 1.3 سے 5.7 کھرب ڈالر تک بڑھانے ، ویزا اجرا میں آسانیاں پیدا کرنے اور دیگر شعبوں میں تعاون پر بات چیت ہوگی جبکہ غزہ کی صورتحال ایجنڈے کا اہم حصہ ہوگا، صدر زرداری آج اجلاس کے شرکاء کے اعزاز میں ظہرانہ دینگے۔

دریں اثنا ترکی کے وزیر اعظم رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ اگر کار کے پاور پلانٹ کا معاملہ حل نہ کیا گیا تو اس سے پاکستان میںترک سرمایہ کاری پر منفی اثر پڑیگا اور ترک سرمایہ کاروں کی حوصلہ شکنی ہوگی جو پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں۔ انھوںنے یہ بات بدھ کی شام وزیراعظم ہائوس میں وزیراعظم راجا پرویز اشرف سے وفود کی سطح پر ہونیوالی گفتگو کے دوران کہی۔ دونوں رہنمائو ں نے اپنے معاونین کے بغیر 15 منٹ تک بات چیت کی جس کے بعد وفود کی سطح پر گفتگو ہوئی۔ ترک وزیراعظم نے بات چیت کے آغاز پر ہی کار کے پاور پلانٹ کا معاملہ اٹھایا۔

انھو ں نے کہا کہ وہ پاکستان کی حکومت اور برادار عوام کیساتھ بے تکلفی اور صاف گوئی سے بات کرنا چاہتے ہیں۔ انھیں خدشہ ہے کہ اگر یہ معاملہ حل نہ ہو ا تو اس سے ترک سرمایہ کاروں کی حوصلہ شکنی ہوگی جو پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں۔