پی ٹی اے دوہفتوں میں آپریشنل ہوجائیگا انڈونیشی وزیرتجارت

دونوں ملکوں کے تعلقات مستحکم، پاکستانی تاجروں کو ہر ممکن سہولت دیں گے، وفد سے ملاقات


News Agencies November 23, 2012
پاکستان کو7 کروڑ ڈالر سالانہ بچت،عام آدمی مستفید، برآمدات کو بھی فروغ ملے گا، تاجر فوٹو: فائل

KARACHI: انڈونیشی وزیر تجارت گیتا ورجاوان نے کہا ہے کہ پاک انڈونیشیا ترجیحی تجارتی معاہدہ 15 روز میں آپریشنل ہوجائیگا۔

پاکستانی درآمدکنندگان کے ایک وفد سے ملاقات میں انڈونیشی وزیر نے کہا کہ معاہدے پر عملدرآمد سے نہ صرف دونوں ملکوں کے تعلقات مستحکم ہونگے بلکہ کھانے کے تیل کے تمام برآمدکنندگان کو پاکستانی منڈی میں یکساں مواقع دستیاب ہوں گے۔ انھوں نے کہاکہ انڈونیشیا پاکستانی درآمدکنندگان کو ہرممکن سہولت فراہم کرے گا۔

اس موقع پر درآمدکنندگان نے کہا کہ پی ٹی اے کے نفاذ سے ترغیبات ملیں گی جو پاکستان کے لیے انڈونیشی برآمدات میں اضافے کا باعث ہونگی جبکہ پاکستان کو پام آئل کی درآمدات کی مد میں 35ڈالر فی ٹن فائدہ ہوگا اور اس طرح سالانہ 7 کروڑ ڈالر کا زرمبادلہ بچے گا، سستی درآمدات کے نتیجے میں مینوفیکچررز قیمتیں کم کریںگی اور اس کا فائدہ عام آدمی کو ہوگا۔ انھوںنے کہاکہ ترجیحی تجارتی معاہدے سے پاکستانی برآمدات کوبھی فروغ ملے گا۔