آفریدی نے آرتھر سے مثبت نتائج کی امیدیں باندھ لیں

انضمام کو بیٹنگ کوچ بنانا بہتر فیصلہ ہوتا، دہری ذمہ داری بھی سنبھال سکتے تھے،آل راؤنڈر


Sports Reporter June 14, 2016
پاکستانی ٹیم انگلینڈ کے خلاف سیریز ڈرا بھی کرلے تو بہت بڑی کامیابی ہوگی فوٹو : فائل

KARACHI: شاہد آفریدی نے مکی آرتھر سے مثبت نتائج کی امیدیں باندھ لیں،آل راؤنڈر کا کہنا ہے کہ ان کے تحت جنوبی افریقہ میں ڈومیسٹک سیزن کھیل چکا،امید ہے کہ وہ جدیدکوچنگ کی ضرورت پوری کرینگے، انضمام الحق کوبیٹنگ کوچ بنانا بہتر فیصلہ ہوتا، وہ سلیکٹر کے ساتھ دہری ذمہ داری بھی سنبھال سکتے تھے۔ پاکستان انگلینڈکی کنڈیشنز میں سیریز ڈرا بھی کرلے تو بڑی کامیابی ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق شاہد آفریدی نے مکی آرتھر کے بطور ہیڈ کوچ تقرر کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہاکہ مجھے2003 میں جنوبی افریقہ میں ڈومیسٹک سیزن کے دوران گریکوالینڈ ویسٹ کی جانب سے کھیلتے ہوئے ان کی رہنمائی حاصل تھی، مکی کے کام کرنے کا انداز بڑا اچھا اور جارحانہ تھا، میرے خیال میں اسی کی پاکستان کرکٹ کو ضرورت ہے، مکی آرتھر آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ جیسی بڑی ٹیموں کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ رکھتے ہیں، توقع کی جاسکتی ہے کہ پاکستان کرکٹ بھی ان کی کوچنگ میں مثبت نتائج حاصل کریگی۔ آ

آفریدی نے کہاکہ انگلش ٹیم کو اس کی کنڈیشنز میں شکست دینا بہت بڑا کارنامہ ہوگا، میزبان بیٹسمین اور بولرز بہت زیادہ ڈومیسٹک کھیلنے کی وجہ سے اپنے ماحول اور پچز سے بخوبی واقف اور ان کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہیں،حالات انگلینڈ کیلیے انتہائی سازگار ہونگے،پاکستان سیریز ڈرا بھی کرلے تو بڑی کامیابی ہوگی،اچھی بات یہ ہے کہ ہماری ٹیسٹ ٹیم کی کارکردگی میں تسلسل ہے،برصغیر میں تو گرین کیپس نے بہت اچھا پرفارم بھی کیا ہے تاہم انگلینڈ میں کامیابی کیلیے سخت محنت کرنا ہوگی۔