کراچی اور پشاور میں 4 بم برآمد سرگودھا اور لاہور سے 6 بمبار گرفتار

اورنگی ڈھائی نمبرمیں رینجرزکی زیرتعمیرچوکی میں ساڑھے 4کلووزنی بم نصب تھا


News Agencies November 23, 2012
پشاور :بم ڈسپوزل اسکواڈ کااہلکار برآمد بم کو ناکارہ بنانے سے پہلے لوگوں کو دوسری جانب جانے کا اشارہ کررہا ہے۔ فوٹو: آن لائن

کراچی اور پشاور میں دہشتگردی کے منصوبے ناکام بناتے ہوئے 4 بم ناکارہ بنا دیے گئے۔

پنجاب پولیس نے سرگودھا اور لاہور میں مختلف کارروائیوں کے دوران کالعدم تنظیم کے کمانڈر سمیت 6دہشتگردوں کو گرفتار کرکے خودکش جیکٹس، اسلحہ اور بارودی مواد برآمد کرلیا ہے، پشاور کے نواحی علاقے بڈھ بیر میں ایف سی کی چوکی پر فائرنگ سے ایک اہلکار جاں بحق ہوگیا جبکہ 2بم ناکارہ بناکر شہر کو تباہی سے بچالیاگیا،خیبرایجنسی میں یکے بعد دیگرے2دھماکوں کے نتیجے میں خاصہ دارفورس کے اہلکار سمیت 2افرادزخمی ہو گئے،لکی مروت میں رکن قومی اسمبلی بنوں میں ڈی ایس پی کے گھروں کے باہردھماکے کیے گئے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

تفصیلات کے مطابق موچکو تھانے کی حدودبلدیہ ٹاؤن سیکٹر19/Dگلشن غازی میں واقع امام بارگاہ زین العابدین کے سامنے خشک نالے میں بم کی اطلاع پرپولیس اور رینجرز کی بھاری نفری پہنچ گئی ،ایس ڈی پی بلدیہ ٹاؤن ڈی ایس پی احمد بیگ نے ایکسپریس کو بتایاکہ پولیس کی بھاری نفری نے موقع پرپہنچ کرامام بارگاہ میں موجود200 افرادکوبحفاظت باہر نکال کرمحفوظ مقام پر پہنچانے کے بعد بم ڈسپوزل یونٹ کے عملے کوطلب کیااوربم ڈسپوزل کے عملے نے پہنچ کربم کو ناکارہ بنا دیا۔

بم500 گرام وزنی اوردیسی ساختہ تھاجسے ریموٹ کنٹرول ڈیوائس سے منسلک کیاگیا تھااور4پلاسٹک کے پائپوں میں بارودبھراگیاتھاجس میں بال بیرنگ اورنٹ بولڈ بھی شامل تھے جبکہ بم میں3بیٹریاں لگی ہوئی تھیں،بم پھٹ جاتا تو بہت زیادہ نقصان ہو سکتاتھاکیونکہ امام بارگاہ کے سامنے گنجان آبادی بھی ہے جبکہ بم ڈسپوزل یونٹ کے ذرائع نے بتایاکہ بم ڈمی تھا،ایک سے ڈیڑھ فٹ کے پلاسٹک کے پائپوں میں چونابھراگیاتھاکسی قسم کی ڈیوائس یا تاریں نہیں تھیں۔قصبہ کالونی اورنگی ٹاؤن ڈھائی نمبرمیں واقع امام بارگاہ علی کے قریب رینجرزکی زیرتعمیر چوکی کے قریب سے سمنٹ بلاک میں بنایاگیابم سخت جدوجہدکے بعد ناکارہ بنادیاگیا۔

ڈی آئی جی ویسٹ جاویدعالم اوڈھو کے مطابق ناکارہ بنائے جانے والابم میں ساڑھے4سے5 کلوگرام بارودی موادکے علاوہ نٹ بولٹ،بال بیرنگ بھی ملائے گئے تھے جبکہ بم کو پھاڑنے کیلیے موبائل فون اور ڈیٹو نیٹر استعمال کیا گیاتھا۔ علاقے سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق زیر تعمیر چوکی میں راج مستری نے بلاک توڑنے کی کوشش کی تواس نے اس میں لگے تاردیکھ کرقریب ہی لوگوں اورپولیس کو اطلاع دی بعد ازاں رینجرزحکام نے راج مستری اور دیگر مزدوروں کوپوچھ گچھ کے لیے حراست میں لے لیا۔

بم ڈسپوزل یونٹ ذرائع کے مطابق سمنٹ بلاک میں بنائے جانے والے بم میں موبائل فون کے ذریعے دھماکاکیاجاناتھا،پولیس نے برآمد ہونے والے بم اوراس میں موجود موبائل فون کوقبضے میں لے کرتفتیش شروع کردی۔پشاورکے نواحی علاقے بڈھ بیرمیں فرنٹیئرروڈپرنامعلوم افرادنے ایف سی کی چوکی پرفائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک اہلکارجاں بحق ہوگیا،نامعلوم افرادایک سیکیورٹی اہلکارکو بھی ساتھ لے گئے جس کی تلاش کیلیے سیکیورٹی فورسز نے علاقے کوگھیرے میں لے کرسرچ آپریشن شروع کردیاہے،دوسری جانب7محرم کوپشاورمیں دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنادیاگیا،پشاورتھانہ گلبرگ کے قریب سے2بموںکوناکارہ بنادیاگیا۔

پولیس کے مطابق پہلابم500گرام وزنی اوردوسرا4کلووزنی تھا۔خیبرایجنسی میں یکے بعددیگرے دودھماکے ہوئے ۔پہلا دھماکاجمرودبائی پاس کے قریب ہواجس میں نیٹوکنٹینرکونشانہ بنایاگیا تھا،دھماکا خیزموادسڑک کنارے نصب تھاجس کے پھٹنے سے نیٹو کنٹینرکو جزوی نقصان پہنچاجبکہ اس کاکنڈیکٹر بھی زخمی ہوگیا۔انتظامیہ نے سرچ آپریشن کرتے ہوئے2 مشکوک افراد کوگرفتارکرلیا۔ دوسرادھماکالنڈی کوتل کے علاقہ سدو خیل میں خاصہ دارفورس کی گاڑی کے قریب ہواجس سے ایک خاصہ دارزخمی ہوگیاجبکہ خاصہ دار فورس کی گاڑی کونقصان پہنچا۔انتظامیہ کے مطابق دونوں دھماکے ریموٹ کنٹرول تھے۔

سیکیورٹی فورسزنے کارروائی کرتے ہوئے سورقمرکے علاقے میں سڑک کنارے نصب دھماکاخیزموادناکارہ بنادیا۔ بنوں کے علاقے کالاخیل میں واقع ڈی ایس پی صدرگل نصیب کے گھرکے باہربارودی موادکادھماکا ہوا، دھماکے سے گھرکے بیرونی دروازے کونقصان پہنچاتاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔پولیس نے واقعے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے کرتحقیقات شروع کر دی۔لکی مروت میں عوامی نیشنل پارٹی کی ایم پی اے یاسمین ضیاکے گھر کے باہردھماکے سے مکان کو جزوی نقصان پہنچاتاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔تھانہ سرائے نو رنگ کی حدودمیں نامعلوم شر پسندوں نے ممبر صوبائی اسمبلی خیبر پختونخوایاسمین ضیاکے گھرکے باہر بارودی مواد نصب کیا تھاجو زوردار دھماکے سے پھٹ گیا۔

دھماکے کے نتیجے میں مکان کی بیرونی دیوارکوجزوی نقصان پہنچا۔فرنٹیئرکور کے عملے نے کوئٹہ کے علاقے بائی پاس پردوران چیکنگ ایک شخص کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے ایک ایس ایم جی3میگزین اور707رانڈزبرآمد کرلیے، فرنٹیئرکورکے عملے نے گرفتارشخص کومزید کارروائی کیلیے تھانہ شالکوٹ کے حوالے کردیا۔ادھرپنجاب پولیس نے حساس اداروںکی مددسے کامیاب کارروائی کر کے6مبینہ دہشتگردوں کوگرفتارکر کے خود کش جیکٹس،جدید اسلحہ اوردھماکاخیز مواد برآمدکرلیا۔پولیس ذرائع نے بتایاہے کہ سرگودھا میں حساس اداروںکے ساتھ مل کرایک مقام پرچھاپہ ماراگیاجہاں سے 4مبینہ دہشتگردوںکو گرفتارکرلیاگیاہے ۔لاہورکے علاقہ انارکلی میں بھی پولیس اورحساس اداروں نے کامیابی کارروائی میں 2 مبینہ دہشت گردوںکوگرفتار کرکے ان کے قبضہ سے خودکش جیکٹس،جدید اسلحہ اوردھماکاخیزموادبرآمدکرلیا ۔