ایمرجنگ مارکیٹ اسٹیٹس بحال حصص مارکیٹ پہلی بار38000 پوائنٹس کی حد سے تجاوز

تیزی کےباعث کاروبارکے اختتام پرکے ایس ای100 انڈیکس1042.13 کے اضافے سے 38559.88 پوائنٹس کی نئی بلند ترین سطح پرپہنچ گیا


Business Reporter June 16, 2016
بیشترکمپنیوں کی قیمتیں بڑھ گئیں، مارکیٹ سرمایہ 1کھرب60ارب روپے بلند، ایمرجنگ مارکیٹ اسٹیٹس سے50کروڑڈالربیرونی سرمایہ کاری کا امکان ہے، ماہرین فوٹو : فائل

لاہور: پاکستان کا ایمرجنگ مارکیٹ اسٹیٹس بحال ہونے اور اس فیصلے کے نتیجے میں آئندہ مالی سال 50 کروڑ ڈالر مالیت کی بیرونی سرمایہ کاری کی پیشگوئیوں پر سرمایہ کاری کے بیشترشعبوں میں کھل کرسرمایہ کاری کے باعث پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں بدھ کو ریکارڈ نوعیت کی تیزی دیکھی گئی۔

اسٹاک ایکس چینج میں بدھ کو ریکارڈ نوعیت کی تیزی دیکھی گئی جس سے تاریخ میں پہلی بار انڈیکس 38559 پوائنٹس کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا، 58.62 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں 1کھرب59 ارب93 کروڑ81 لاکھ84 ہزار322 روپے کا اضافہ ہوگیا۔ ماہرین اسٹاک کا کہنا تھا کہ ایم ایس سی آئی کی جانب سے پاکستان کا ایمرجنگ مارکیٹ اسٹیٹس بحال کیے جانے سے مزید وسیع البنیاد سرمایہ کاری کے امکانات روشن ہیں، ان ہی امکانات پر سرمایہ کاروں نے آٹو،سیمنٹ، بینکنگ، فرٹیلائزر، فارما، تیل وگیس سمیت دیگرشعبوں میں کھل کر خریداری کی گئی جس سے مارکیٹ نئی بلندیوں پر پہنچ گئی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ایمرجنگ مارکیٹ اسٹیٹس کی بحالی کین نتیجے میں 50کروڑڈالرتک کی بیرونی سرمایہ کاری متوقع ہے۔

تیزی کے باعث کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس1042.13 کے اضافے سے 38559.88 پوائنٹس کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا جبکہ کے ایس ای30 انڈیکس770.86 پوائنٹس کے اضافے سے 22156.24 ، کے ایم آئی30 انڈیکس 2056.14 پوائنٹس کے اضافے سے 67519.80 اور کے ایم آئی آل شیئر انڈیکس 315.30 پوائنٹس کے اضافے سے 17987.39 ہوگیا، کاروباری حجم منگل کی نسبت69.74 فیصد زائد رہا اور مجموعی طور پر 24 کروڑ36 لاکھ91 ہزار 200 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار348 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں204 کے بھاؤ میں اضافہ، 120 کے داموں میں کمی اور24 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

مقبول خبریں