حکومت کا بینکوں پرانحصار کم نجی شعبے کے قرضوں میں17 فیصد اضافہ

جولائی تا7جون نجی شعبے نے بینکوں سے 249.4ارب کے قرضے لیے،حکومت نے 15فیصدکمی سے738ارب روپے حاصل کیے


Business Reporter June 16, 2016
زیرگردش نوٹوں میں258ارب اضافہ، انفلیشن دباؤکم ہونے سے زرکے پھیلاؤ کی شرح9.34سے گھٹ کر7.51فیصدرہ گئی فوٹو: فائل

ISLAMABAD: پاکستان میں زر کے پھیلاؤ کی شرح میںرواں مالی سال کے دوران گزشتہ سال کی نسبت 1.83فیصد کمی ہوئی۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق مالی سال 2014-15 کے دوران جون کے پہلے ہفتے تک زرکے پھیلاؤ کی شرح 9.34فیصد تھی جو رواں مالی سال کم ہوکر 7.51فیصد کی سطح پر آگئی۔

اعدادوشمار کے مطابق رواں مالی سال کے دوران زیرگردش نوٹوں کی مالیت میں258 ارب روپے کا اضافہ ہوا، گزشتہ مالی سال کے دوران جولائی سے جون کے پہلے ہفتے میں زیرگردش کرنسی میں 384ارب 8کروڑ روپے کا اضافہ ہوا تھا تاہم رواں مالی سال کے دوران جون کے پہلے ہفتے تک زیر گردش کرنسی کی مالیت بڑھ کر 642ارب 13کروڑ روپے تک پہنچ چکی ہے۔ مرکزی بینک کے پاس موجود ڈپازٹس کی مالیت میں بھی2.318ارب روپے کا اضافہ ہوا ہے اور مرکزی بینک پاس موجود ڈپازٹس کی مالیت 5ارب روپے تک پہنچ چکی ہے۔

مجموعی ڈیمانڈ اینڈ ٹائم ڈپازٹس کی مالیت 543 ارب 70کروڑ روپے کے مقابلے میں کم ہوکر 200 ارب 59کروڑ روپے کی سطح پر آچکی ہے، زر کے پھیلاؤ کی شرح میں کمی افراط زر کے کم دباؤ کو ظاہر کرتی ہے تاہم ملک میں شرح سود کم ترین سطح پر ہونے کی وجہ سے نجی شعبے میں سرمائے کی طلب بڑھ رہی ہے، حکومت کی جانب سے قرضوں کے حصول کے لیے اسٹیٹ بینک پر انحصار کم ہوا ہے تاہم شیڈول بینکوں سے بجٹ سپورٹ کے لیے قرض گیری بدستور زائد ہے۔ اعدادوشمار کے مطابق یکم جولائی سے 3جون 2016تک حکومت کی جانب سے بینکنگ سیکٹر سے 738ارب 56کروڑ روپے کے قرضے لیے گئے جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں حاصل کردہ869ارب 83کروڑ روپے کے قرضوں کے مقابلے میں (15فیصد) 131ارب 27کروڑ روپے کی کمی کو ظاہر کرتے ہیں۔

حکومت نے بجٹ سپورٹ کے لیے مجموعی طور پر 663ارب 66کروڑ روپے کے قرضے حاصل کیے، گزشتہ سال بجٹ سپورٹ کے لیے 783ارب 22کروڑ روپے کے قرضے لیے گئے تھے، حکومت کی جانب سے مرکزی بینک کو 246ارب 68 کروڑ روپے کے قرضے واپس کیے گئے جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں 161ارب 32کروڑ روپے کے قرضے ادا کیے گئے تھے۔

حکومت نے شیڈول بینکوں سے 910ارب 35کروڑ روپے کے قرضے حاصل کیے، گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں حکومت نے شیڈول بینکوں سے 944ارب 54کروڑ روپے کے قرضے حاصل کیے تھے، کماڈیٹی آپریشنز کے لیے حاصل کیے گئے سرکاری قرضوں کی مالیت 86ارب 33 کروڑ روپے کے مقابلے میں 75ارب 50کروڑ روپے رہی، شرح سود میں نمایاں کمی کی بنا پر نجی شعبے کی جانب سے قرضوں کے حصول میں 16.87فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، مالی سال کے دوران نجی شعبے کو 249ارب 43کروڑ روپے کے قرضے جاری کیے گئے، گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں نجی شعبے نے 207ارب 29کروڑ روپے کے قرضے حاصل کیے تھے۔

مقبول خبریں