غیرملکی سرمایہ کاری جولائی تا مئی 76 فیصد گرگئی

11ماہ میں مجموعی غیرملکی سرمایہ کاری 2.8ارب ڈالر سے گھٹ کر68.3 کروڑتک محدود،


Business Reporter June 18, 2016
پورٹ فولیو سرمایہ کاری سے 38کروڑ 10لاکھ ڈالر نکال لیے گئے، مئی میں مجموعی طور پر 6 کروڑ79 لاکھ ڈالر کی بیرونی سرمایہ کاری ہوئی،اسٹیٹ بینک فوٹو: اے ایف پی/فائل

امن و امان کی صورتحال میں نمایاں بہتری کے باوجود غیرملکی سرمایہ کاروں کا پاکستانی معیشت پر اعتماد پوری طرح بحال نہیں ہوسکا۔

ماہرین کے مطابق حکومتی پالیسیوں میں عدم تسلسل، کاروباری لاگت میں اضافے اور توانائی کی قلت بدستور سرمایہ کاری کی راہ میں رکاوٹ بنے ہوئے ہیں۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعدادوشمار کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 11ماہ جولائی 2015 سے مئی 2016 کے دوران غیرملکی سرمایہ کاری میں 75.6فیصد کمی ہوئی۔

اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں مجموعی طور پر 2 ارب 79 کروڑ 92 لاکھ ڈالر کی غیرملکی سرمایہ کاری کی گئی تھی تاہم رواں مالی سال کے دوران مجموعی غیرملکی سرمایہ کاری 68 کروڑ31 لاکھ ڈالر تک محدود ہے جو گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں 2.116ارب ڈالر کم ہے۔ ماہرین کے مطابق وزیر اعظم کے ریکارڈ تعداد میں غیرملکی دورے بھی سرمایہ کاری لانے میں معاون نہ ہوسکے، دوسری جانب قومی سرمایہ کاری بورڈ کے چیئرمین سمیت حکومت کی پوری کچن کابینہ وزیر اعظم نواز شریف کے سیاسی دفاع میں مصروف ہے، جس سے سرمایہ کاری بڑھانے کے لیے ٹھوس اور سنجیدہ اقدامات کا فقدان بھی سرمایہ کاری میں کمی کا سبب بن رہا ہے، حکومتی ٹیم اور معاشی منیجرز نے اپنی تمام تر توقعات پاک چین اقتصادی راہداری سے وابستہ کرلی ہیں اسی لیے مینوفیکچرنگ اور خدمات کے مختلف پرکشش شعبوں میں بھی غیرملکی سرمایہ کاری لانے کیلیے سنجیدہ کوششیں ترک کردی گئی ہیں۔ اعدادوشمار کے مطابق 11ماہ کے دوران ملک میں مجموعی غیرملکی نجی سرمایہ کاری 62 فیصد کمی کے ساتھ 70کروڑ 26 لاکھ ڈالر رہی، براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کی مالیت 1 ارب 8کروڑ 36لاکھ ڈالر رہی جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں کی جانے والی 98کروڑ ڈالر کی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کے مقابلے میں 10.5 فیصد زائد ہے۔

پورٹ فولیو سرمایہ کاری 143.6 فیصد کمی سے منفی 38 کروڑ 10 لاکھ ڈالر رہی، گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے دوران پورٹ فولیو سرمایہ کاری میں 87 کروڑ 49 لاکھ ڈالر کا اضافہ ہوا تھا، اس عرصے میں غیرملکی پبلک انویسٹمنٹ 102 فیصد کمی کے ساتھ منفی 19.5 ملین ڈالر رہی، گزشتہ مالی سال کے دوران غیرملکی پبلک انویسٹمنٹ میں 94 کروڑ41لاکھ ڈالر کا اضافہ ہوا تھا۔ اعدادوشمار کے مطابق مئی میں مجموعی طور پر 6 کروڑ 79 لاکھ ڈالر کی مجموعی بیرونی سرمایہ کاری ہوئی جو مکمل طور پر بیرونی نجی شعبے نے کی، اس میں 6کروڑ 43 لاکھ ڈالر کی براہ راست بیرونی سرمایہ کاری اور 35 لاکھ ڈالر کی پورٹ فولیو انویسٹمنٹ شامل ہے۔

مقبول خبریں