آیت اﷲ خامنہ ای نے پارلیمان کو صدر احمدی نژاد کو طلب کرنے سے روک دیا

ایرانی صدرکومعیشت اوردیگر ناکامیوں پرجواب کے لیے طلب کیا جاناتھا


APP November 24, 2012
ایرانی صدرکومعیشت اوردیگر ناکامیوں پرجواب کے لیے طلب کیا جانا تھا ، فوٹو : اے ایف پی

ایران کے روحانی پیشوا آیت اﷲ خامنہ ای نے ملک کی پارلیمان کوحکم دیا ہے کہ صدرمحموداحمدی نژادکو مزید پوچھ گچھ کے لیے ایوان میں نہ بلایا جائے۔

آیت اللہ خامنہ ای نے اراکین کو تنبیہ کی کہ اس معاملے کو آگے بڑھانے سے ایران کے مخالفین کو فائدہ پہنچے گا،ایرانی میڈیاکے مطابق یہ بات انھوں نے ایران کی رضاکارانہ نیم فوجی فورس باسیج کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کی،صدراحمدی نژادکومعیشت کی بگڑتی ہوئی صورتحال اوردیگرحکومتی ناکامیوں کے سلسلے میں پارلیمان میں طلب کیاجاناتھا،ملک کے رہبر عالم کی جانب سے احکامات کے بعداراکانِ پارلیمان نے صدرکی طلبی کے مسودے کومنسوخ کر دیا ہے۔

محموداحمدی کی دوسری صدارتی مدت اگست دوہزارتیرہ میں ختم ہوجائے گی،ایرانی پارلیمان میں آیت اللہ خامنہ ای کی اس طرح کی براہِ راست مداخلت کایہ پہلاموقع ہے، انھوں نے کہاکہ میرا مطالبہ ہے کہ معززاراکینِ پارلیمان اس معاملے کو آگے نہ بڑھائیں،اس معاملے کو آگے بڑھانے سے صرف ایران کے دشمنوں کافائدہ ہوگا ، ملک کواس وقت استحکام کی ضرورت ہے۔تمام حکومتی دھڑوں مقننہ،عدلیہ اورانتظامیہ کے ساتھ ساتھ عوام کو مستحکم رہتے ہوئے اپنے فرائض نبھانے چاہیے۔