کراچی کے امن کیلیے تمام جماعتوں کو متحد ہوناپڑیگاخواجہ اظہار

کراچی کو لاحق امراض ٹھیک کرنے میں نیک نیتی سے کوشش کررہے ہیں ،شرجیل میمن


Monitoring Desk November 24, 2012
کراچی کو لاحق امراض ٹھیک کرنے میں نیک نیتی سے کوشش کررہے ہیں ،شرجیل میمن فوٹو: فائل

ایم کیو ایم کے رہنما خواجہ اظہار الحسن نے کہاہے کہ میں تمام سیاسی جماعتوں سے منت کرتا ہوں کہ وہ کراچی کے امن کے لیے اپنے مفادات کو پس پشت رکھ کر متحد ہوجائیں۔

پروگرام ٹودی پوائنٹ میں اینکر پرسن شاہ زیب خانزادہ سے گفتگو میں انھوں نے کہاکہ جب تاجروں نے بھتا خوری اور ٹارگٹ کلنگ کے خلاف ہڑتال کی تھی تو ہم ان کے ساتھ تھے کوئی دوسری سیاسی جماعت ان کے ساتھ نہیں تھی، ہمارا مینڈیٹ ہے، ہم کراچی کے حالات کی ذمے داری قبول کرتے ہیں، ہمارے پیپلزپارٹی سے اختلافات ہیں لیکن ہم جمہوریت کو سپورٹ کررہے ہیں، حکومت میں شامل ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ ایم کیو ایم پیپلزپارٹی بن گئی ہے۔

پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایسا ہوا ہے کہ حکومت میں رہ کر حکومت سے احتجاج کیا ہے، ہمارے ادارے فیل ضرور ہوئے ہیں لیکن جمہوریت اور پارلیمنٹ پر یقین رکھا جائے، ہمارے پاس اس سے بہتر اور راستہ کوئی نہیں ہے، پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما شرجیل میمن نے کہاکہ4سالہ حکومت پر میرا ضمیر مطمئن ہے لیکن دل مطمئن نہیں کیونکہ جو ہم چاہتے تھے وہ نہیں ہوا ہم اپنی ذمے داری سے بھاگ نہیں رہے لیکن کراچی کو لاحق امراض ٹھیک کرنے میں کوشاں ہیں اور نیک نیتی سے کوشش کررہے ہیں کہ کراچی کو لاحق بیماریوں سے پاک کریں۔

حکومت نے کبھی تاجروں کو تقسیم کرنے کی کوشش نہیں کی پاکستان پیپلزپارٹی واحد پاکستان کی جماعت ہے جو سب کو ساتھ لے کر چلتی ہے اور خداگواہ ہے کہ کبھی کسی دہشت گرد کو رہا کرنے یا بھتا خورسے نرمی کی بات نہیں کی، ہم پاکستان کے کسی بھی حصے میں جرائم نہیں چاہتے، ایم کیو ایم پہلی جماعت ہے جس نے کراچی میں طالبان کی نشاندہی کی تھی لیکن اب یہ بیماری بہت بڑھ چکی ہے یہ طالبان باہر سے نہیں آئے پاکستان سے ہی ہیں،جماعت اسلامی کے رہنما اسد اللہ بھٹو نے کہاکہ حکومت کا کام ہڑتال کرنا نہیں ہے ہڑتال نہ ہونے کے اقدامات کرنا ہے ہم نے ہمیشہ تاجروں کی حمایت کی ہے بدقسمتی یہ ہے کہ حکومت میں رہ کر حکومت اپوزیشن کا کام کررہی ہے ہم نے تاجروں کے لیے ہمیشہ آواز اٹھائی ہے ہم نے ہر پلیٹ فارم پر تاجروں کے حقوق کی بات کی ہے ۔