فوج سے سول سروس میں آنیوالے 8 افسر 2 ماہ کی ٹریننگ سے مستثنیٰ

وزارت دفاع نے بروقت سلیکشن نہ کی، سی ٹی پی میں شمولیت کیلیے قوانین میں ترمیم کی گئی .


Numainda Express November 24, 2012
زیادہ دوائیاں کھالی تھیں،حالت بہتر ہونے پر ڈسچارج کردیاجائے گا. . فوٹو: فائل

ISLAMABAD: وفاقی حکومت نے قواعد و ضوابط کے برعکس مسلح افواج سے مقررہ کوٹا کے تحت آنیوالے گریڈ 17 کے8 افسران کو 40 ویں سی ٹی پی کیلیے 2 ماہ کی بنیادی ٹریننگ سے مستثنیٰ قرار دیدیا اور ان افسران کو ٹریننگ مکمل کیے بغیر سی ایس ایس پاس کرکے 6 ماہ کی ٹریننگ مکمل کرنیوالے افسران کے برابر مراعات دی جارہی ہیں جس سے سی ایس ایس پاس کرکے 40 ویں ٹریننگ پروگرام میں شامل 200 افسران میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے اور انھوں نے سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ سے فوج سے شامل کیے جانیوالے افسران سے ترجیحی سلوک کیخلاف احتجاج کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق 40 ویں سی ٹی پی کے تحت سی ایس ایس پاس کرنیوالے پولیس اور دیگر گروپس کے گریڈ 17کے200 افسران کی ابتدائی بنیادی ٹریننگ اکتوبر کے پہلے ہفتے سے سول سروسز اکیڈمی والٹن میں جاری ہے جس کو شروع ہوئے 2ماہ کا عرصہ ہوگیا ہے،سی ایس ایس چالیسویں کامن ٹریننگ پروگرام میں مسلح افواج بری، فضائیہ اور بحریہ سے مقررہ کوٹا کے تحت 8 افسران کو منتخب کیا گیا ہے لیکن وزارت دفاع کی سستی کے باعث ان افسران کی سلیکشن تاخیر سے ہوئی اور اس دوران سی ایس ایس کرنیوالے افسران کی تربیت کیلیے بنیادی ٹریننگ کا پروگرام شروع ہوئے تقریباْ دو ماہ ہور ہے ہیں۔

ٹریننگ کورس کے اجرا کے بعد مسلح افواج سے آنیوالے افسران کو ٹریننگ پروگرام میں شامل کرنے کیلیے فہرست ڈی جی سول سروسز اکیڈمی والٹن کیپٹن (ر) خالد سلطان کو بھجوائی گئی لیکن انہوں نے ان افسران کو ٹریننگ میں شامل کرنے سے انکار کردیا اور سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ کو لیٹر بھیجا کہ ان افسران کو 41ویں کامن ٹریننگ پروگرام میں شامل کر لیا جائے اس سے ان کی سینیارٹی متاثر نہیں ہوگی جس پر اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے ان افسران کو ٹریننگ میں شامل کرنے کا کام روک دیا۔

تاہم بعد ازاں وزارت دفاع کی طرف سے سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ پر فوج سے آنیوالے افسران کو ٹریننگ پروگرام میں شامل کرنے کیلیے دباؤ ڈالاگیا جس پر رولز میں خصوصی ترمیم کرکے میرٹ کے برعکس ان افسران کو 40ویں کامن ٹریننگ پروگرام میں شامل کرنے کی منظوری دیدی گئی جس کو شروع ہوئے تقریباْ دو ماہ ہونیوالے ہیں، ٹریننگ میں شامل افسران نے امتحان اور دیگر اسائنمنٹس مکمل کرکے جمع کروا دی ہیں جن کے نمبرز مقرر کیے گئے ہیں اور ان کو سنیارٹی کا حصہ بنایا جاتا ہے تاہم مسلح افواج سے آنے والے 8 افسران کو 2 ماہ کی ٹریننگ سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے اب وہ صرف 3 ماہ کی ٹریننگ کرینگے لیکن ان کو دیگر افسران کے برابر استحقاق حاصل ہوگا۔

ذرائع کے مطابق قواعد و ضوابط کے برعکس ان افسران کو ٹریننگ پروگرام میں شامل کرنے کی منظوری دی گئی ہے جس پر سی ایس ایس پاس کرکے ٹریننگ پروگرام میں شامل ہونے والے 200 افسران نے احتجاج کیا ہے اور سیکریٹری اسٹبلشمنٹ کو لیٹر بھجوایا ہے جس میں اس پالیسی کو میرٹ کے برعکس قرار دیا گیا ہے جس سے ادارے کی کارکردگی متاثر ہوگی، انکا مطالبہ ہے کہ مسلح افواج سے شامل ہونیوالے افسران کو 41 ویں سی ٹی پی میں شامل کیا جائے۔

مقبول خبریں