کک اور پیٹرسن کے سامنے بھارتی اسپنرز کا رنگ پھیکا پڑگیا

ففٹیز بنانے والے بیٹسمینوں کی سنچری شراکت، ممبئی ٹیسٹ میں انگلینڈ کے 2 وکٹ پر 178رنز، 149 کا خسارہ باقی


Sports Desk November 25, 2012
انگلش بیٹسمین الیسٹر کک بھارت کیخلاف ممبئی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں نصف سنچری کی تکمیل پر مسرور۔ فوٹو : اے ایف پی

لاہور: ممبئی ٹیسٹ میں الیسٹر کک اور کیون پیٹرسن کے سامنے بھارتی اسپنرز کا رنگ پھیکا پڑ گیا۔

دونوں کے درمیان سنچری اسٹینڈ سے انگلینڈ کی پوزیشن بہتر ہونے لگی اور دوسرے دن کھیل کے اختتام تک 2 وکٹ پر 178 رنز بنالیے، کک 87 اور پیٹرسن 62 رنز پر ناٹ آئوٹ ہیں، اب بھی 149 رنز کا خسارہ باقی ہے، دونوں وکٹیں پراگیان اوجھا کے حصے میں آئیں، کک کے سوئپ شاٹس نے دوفیلڈرز کو انجرڈ بھی کردیا، اس سے پہلے بھارت کی پوری ٹیم 327 پر آئوٹ ہوگئی، چتیشورپجارا نے 135 اور روی چندرن ایشون نے 68 رنز بنائے، مونٹی پنیسر نے 5 جبکہ گریم سوان نے 4 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔

تفصیلات کے مطابق انگلینڈ نے بھارت کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 2 وکٹ پر 178 رنز بنالیے ہیں، الیسٹر کک ایک بار پھر انتہائی منجھے ہوئے انداز میں میزبان اسپنرز کا سامنا کررہے ہیں، پہلے ٹیسٹ میں ناکام ثابت ہونے والے کیون پیٹرسن کا بیٹ بھی خواب غفلت سے جاگتا ہوا دکھائی دے رہا ہے۔

دونوں کے درمیان تیسری وکٹ کیلیے 110 رنز کی ناقابل شکست شراکت ہوچکی،الیسٹرکک نے انتہائی کلاسیکل انداز میں اپنے پائوں کا استعمال کرتے ہوئے اوجھا کو مڈ آن پر ایک چھکا اور چوکا جڑا، ان کے سوئپ شاٹس پر شارٹ لیگ پر موجود دو فیلڈرز انجرڈ ہوئے، چتیشور پجارا پسلیوں پر گیند لگتے ہی میدان سے باہر چلے گئے ، ان کی جگہ لینے والے متبادل فیلڈر اجنکیا راہنے بھی چوٹ کھا کر واپس لوٹے جس کے بعد دھونی نے اس پوزیشن پر مزید کسی فیلڈر کو تعینات کرنے میں جلدبازی نہیں کی۔ کک نے نک کامپٹن کے ساتھ اوپننگ شراکت میں 31 رنز جوڑے، کامپٹن 29 رنز پر اوجھا کی گیند پر سہواگ کو کیچ دے بیٹھے۔

اگلے اوور میں اوجھا نے جوناتھن ٹروٹ کو ایل بی ڈبلیو کردیا، انھیں کھاتہ تک کھولنے کی مہلت نہیں ملی۔ جب دن کا اختتام ہوا تو کک 87 اور پیٹرسن 62 رنز پر کھیل رہے تھے، انگلینڈ کو بھارت کی پہلی اننگز کا اسکور برابر کرنے کیلیے مزید 149 رنز درکار ہیں۔ اس سے قبل بھارتی ٹیم327 رنز پر آئوٹ ہوئی، ایشون اپنے گذشتہ اسکور 62 میں مزید 8 رنز جوڑ کر پنیسر کی پانچویں وکٹ بنے، چتیشور پجارا کو 135 پر سوان نے وکٹ کیپر میٹ پرائر کی مدد سے قابو کیا۔ دونوں انگلش اسپنرز مونٹی پنیسر (5) اور گریم سوان (4) نے 9 وکٹیں لیں، دسویں وکٹ پیسر جیمز اینڈرسن کے ہاتھ آئی۔

مقبول خبریں