سانحہ بلدیہ کیس ملزم شاہ رخ کے دوبارہ وارنٹ گرفتاری جاری
عدالت نے تفتیشی افسر کو ملزمان کیخلاف دوروز میں شواہد پیش کرنے کا حکم دیا ہے
سانحہ بلدیہ آتشزدگی کیس میں عبوری ضمانت پر رہا الیکڑیکل انسپکٹر امجد علی،ایم ڈی سائٹ رشید احمد سولنگی،ڈائریکٹر محنت زاہد قربان شیخ جوڈیشل مجسٹریٹ غربی سہیل احمد مشوری کے روبرو پیش ہوئے۔
سماعت کے موقع پر جیل حکام نے مقدمے میں نامزد فیکٹری مالکان ارشد بھائیلہ ، شاہد بھائیلہ ، جنرل منیجر منصور احمد، سیکیورٹی گارڈ فضل محمود ، علی محمد اور ارشد محمود کو عدالت میں پیش کیا ، عبوری ضمانت پر رہا مذکورہ ملزمان نے عدالت کو تحریری طور پر آگاہ کیا کہ سیشن عدالت نے انھیں یکم دسمبر تک عبوری ضمانت دی ہے اور ماتحت عدالت سے رجوع کرنے کی ہدایت کی تھی،فاضل عدالت نے ملزمان کی تحریری درخواستیں ریکارڈ کا حصہ بناتے ہوئے سماعت 7دسمبر تک ملتوی کردی ہے، فاضل عدالت نے مفرور ملزم شاہ رخ کے دوبارہ وارنٹ گرفتاری جاری کیے ہیں۔
دوسری جانب ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج عبداﷲ چنہ نے ملزمان علی محمد اور فضل محمود کی جانب سے دائر درخواست ضمانت پر تفتیشی افسر کو مذکورہ ملزمان کے خلاف شواہد عدالت میں پیش کرنے کیلیے دو روز کا وقت دیا ہے اور ضمانت کی درخواست29نومبر تک ملتوی کی ہے۔