جماعت اسلامی نے پری پول دھاندلی کے ثبوت پیش کردیے

وفدکی چیف الیکشن کمشنرسے ملاقات، انتخابی نشان، ووٹرلسٹوں سے متعلق تبادلہ خیال


News Agencies/Numainda Express November 29, 2012
الیکشن کی تاریخ کااعلان فوری کیاجائے، نواز شریف کے بیان کا خیرمقدم کرتے ہیں، منورحسن فوٹو: فائل

ISLAMABAD: جماعت اسلامی کے سیکریٹری جنرل لیاقت بلو چ کی قیادت میں وفد نے چیف الیکشن کمشنرجسٹس ریٹائرفخرالدین جی ابراہیم سے ملاقات کی ۔

امیرجماعت اسلامی منورحسن نے کہا کہ عام انتخابات کی تاریخ کافوری اعلان کیاجائے ،سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے بارے میں نواز شریف کے بیان کاخیرمقدم کرتے ہیں ۔ وفدنے جماعت اسلامی کے انتخابی نشان، ضابطہ اخلاق مزیدمؤثربنانے اورسختی سے عملدرآمد، پری پو ل دھاندلی اورملک بھر میں ووٹر لسٹوں کی درستگی بالخصوص کراچی کی ووٹر لسٹوں سے متعلق مؤقف پیش کیا۔ لیاقت بلو چ نے ملاقات میں کہاکہ پورے پاکستان میں عوام کے ووٹ کا صحیح اندراج الیکشن کمیشن کی بنیادی ذمے داری ہے خصوصاً کراچی میں عوام کے ووٹ ان کی مرضی کے خلاف شفٹ کرنا زیادتی ہے ۔

وفدنے الیکشن کمیشن کوحالیہ ضمنی الیکشن میں ضابطہ اخلاق کی پابندی نہ کرانے سے متعلق تحفظات سے بھی آگاہ کیا اور پری پول دھاندلی کے تحریری ثبوت پیش کیے۔ وفدنے درخواست کی کہ ترازوکا نشان جماعت اسلامی کو1970ء میں الاٹ ہواتھا ہم نے3 سال سے درخواست جمع کرائی ہے ہمارا مطالبہ ہے کہ ہمیں ترازوکانشان الاٹ کیاجائے۔چیف الیکشن کمشنرنے کہاکہ جماعت اسلامی کی تجاویزخوش آئندہیں قانون کے مطابق کارروائی کریں گے۔آن لائن کے مطابق بدھ کوالمرکز اسلامی جرماکوہاٹ میں ظہرانے سے خطاب میں امیرجماعت اسلامی منورحسن نے کہاکہ عام انتخابات کے بروقت انعقادسے متعلق شکوک وشہبات دورکرنے کے لیے انتخابات کی تاریخ کافوری اعلان کیاجائے، الیکشن کمیشن انتخابی فہرستوں پرتحفظات اورخامیاں دورکرنے کیلیے سرعت سے کام کرے۔کراچی سے اسٹاف رپورٹر کے مطابق جامعہ بنوریہ العالمیہ کے مہتتم مفتی نعیم سے ملاقات میں منور حسن نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن اور قاضی حسین پر حملہ کرنے والے ایک ہی لوگ ہیں۔