غیرت کے نام پر قتل کے خلاف قانون سازی

حکومت نام نہاد غیرت کے نام پر قتل کے خلاف بہت جلد قانون سازی کر رہی ہے، مریم نواز


Editorial July 22, 2016
حکومت نام نہاد غیرت کے نام پر قتل کے خلاف بہت جلد قانون سازی کر رہی ہے، مریم نواز. فوٹو: فائل

PESHAWAR: وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا ہے کہ حکومت نام نہاد غیرت کے نام پر قتل کے خلاف بہت جلد قانون سازی کر رہی ہے تا کہ معاشرہ سے جرم کو ختم کیا جا سکے جس کے بہانے بے گناہ خواتین کو قتل کر دیا جاتا ہے۔ بلاشبہ پاکستان میں کئی دفعہ قتل کی وجوہات کچھ اور ہوتی ہیں مگر قاتل سزا سے بچنے کے لیے غیرت کے نام پر قتل کی آڑ لیتے ہیں۔

راولپنڈی کی تحصیل مری سے تعلق رکھنے والی نوجوان اسکول ٹیچر ماریہ صداقت کے قتل کے فوراً بعد سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے ایک تحقیقاتی کمیشن قائم کیا تھا تا کہ اس کیس کا جائزہ لیا جائے۔ پولیس نے اپنی تفتیش میں ثابت کرنے کی کوشش کی تھی کہ ماریہ کا قتل نہیں ہوا بلکہ اس نے خود کشی کی ہے لیکن سپریم کورٹ بار کے تحقیقاتی مشن نے پولیس کی تفتیش کو یکسر مسترد کر دیا ہے' بہرحال پاکستان میں مختلف قسم کے جرائم کی شرح میں بہت زیادہ اضافہ ہو گیا ہے' ایک جانب دہشت گردی ہے اور دوسری جانب جرائم ہیں' ان برائیوں کے خاتمے کے لیے مناسب قانون سازی کی ضرورت ہے اور اس کے ساتھ پولیس ڈیپارٹمنٹ میں تحقیق و تفتیش کے شعبے کو مزید فعال بنانے کی ضرورت ہے۔