پیپلزپارٹی کا 46واں یوم تاسیس آج ملک بھرمیں منایا جائیگا

’بھٹوازم‘ نظریہ ہے،عوام کوبااختیاربنانے کی جدوجہد جاری رہے گی،صدر زرداری کاپیغام


APP/staff Reporter November 30, 2012
’بھٹوازم‘ نظریہ ہے،عوام کوبااختیاربنانے کی جدوجہد جاری رہے گی،صدر زرداری کاپیغام۔ فوٹو: فائل

پیپلزپارٹی کا46 واں یوم تاسیس روایتی جوش و خروش اور یوم تجدید عہد کے طور پر آج (جمعہ) کوملک بھرمیں منایاجائیگا۔

اس حوالے سے ملک کے تمام اضلاع میں تقریبات اورجلسے منعقد ہونگے۔سندھ میں یوم تاسیس کی مرکزی تقریب وزیر اعلیٰ ہائوس میں منعقد ہوگی توقع ہے کہ اس تقریب سے صدرمملکت اورپیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری خطاب کریں گے جبکہ یوم تاسیس کے موقع پرکراچی کے پانچوں اضلاع میں بھی جلسے منعقد کیے جائیں گے۔ پیپلزپارٹی نے یوم تاسیس کے حوالے سے تقریبات کے انعقاد کے تمام انتظامات مکمل کرلیے ہیں۔

دریں اثنا پارٹی کے یوم تاسیس پراپنے پیغام میں صدرمملکت اورپیپلزپارٹی کے شریک چئیرمین آصف علی زرداری نے تمام سیاسی قوتوں سے کہاہے کہ وہ آئندہ عام انتخابات کی تیاری کریں،عام انتخابات شفاف، منصفانہ، آزادانہ اور دستوری نظام الاوقات کے مطابق منعقد ہوں گے۔'بھٹوازم' ایک نظریہ کا نام ہے جو جمہوریت اورجمہوری اداروں کے استحکام، عوام کی خدمت اورانھیں بااختیار بنانے کے لیے قائم ودائم ہے اوررہے گا۔

انھوں نے کہا کہ جمہوریت اور جمہوری اداروں کے تحفظ اور عوام کو بااختیار بنانے کی عظیم جدوجہد جاری رہنی چاہیے اوریہ جاری رہے گی۔یوم تاسیس ایسے موقع پرمنایا جارہا ہے جب جمہوری حکومت اپنے تشخص کو مجروح کرنے والی بھرپور مہم کا ڈٹ کرمقابلہ کرتے ہوئے اپنی مدت پہلی مرتبہ پوری کررہی ہے۔ یہ موقع خوشی اور مسرت کے ساتھ ساتھ اپنا جائزہ لینے کا بھی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ اور پیپلزپارٹی سندھ کے صدر سید قائم علی شاہ نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ملک میںآج جمہوریت اورجمہوری اقدارذوالفقارعلی بھٹو اورپیپلز پارٹی کے ہی مرہون منت قائم ہیں ۔ صوبائی وزرا میں شرجیل انعام میمن،مکیش کمار چائولہ اورجام مہتاب حسین ڈھر کے علاوہ شرمیلا فاروقی شامل ہیں۔ دریں اثناکراچی کے مختلف علاقوں کو پارٹی کے جھنڈوں، بینرز اور پینافلیکس سے سجا یا گیا ہے۔