حسن عسکری کی فلم ’’داستان‘‘ کی قلعہ روہتاس میں شوٹنگ

دوسرا اسپیل آیندہ ہفتہ اداکار معمر رانا اور زریں پر گانے کی عکسبندی سے کیا جائیگا


Cultural Reporter December 01, 2012
ہدایتکار حسن عسکری نے میگا فلمز کے نام سے فلم پروڈکشن کا ادارہ بنایا ہے. فوٹو: فائل

فلم انڈسٹری کے سنیئر ہدایتکار حسن عسکری بطور پروڈیوسر ایک بار پھر میدان میں اتر آئے۔

تفصیلات کے مطابق ہدایتکار حسن عسکری نے میگا فلمز کے نام سے فلم پروڈکشن کا ادارہ بنایا ہے جس کے تحت انھوں نے اردو 'پنجابی اور پشتو فلموں کے میگا اسٹارز شاہد خان ' جہانگیر جانی ' آصف خان ' زریں'محمد حسین سواتی اور معمر رانا سمیت دیگر کو لے کر ''داستان'' کا آغازکیا ہے جس کا پہلا اسپیل دینہ میں قلعہ روہتاس میں دس دن کی شوٹنگ بھی کرلی ہے جس میں معمر رانا کے علاوہ باقی فنکاروں نے حصہ لیا ۔

3

حسن عسکری نے ''ایکسپریس'' کو بتایا کہ فلم ''داستان'' کا دوسرا اسپیل آیندہ ہفتہ ایورنیو اسٹوڈیو میں اداکار معمر رانا اور زریں پر گانے کی عکسبندی سے کیا جائیگا۔پاکستان فلم انڈسٹری صرف باتوں سے نہیں بلکہ عملی طور پر کچھ کرنے سے ہی بہتر ہوگی' اس کے لیے ہم سب کو اپنا اپنا کردار ادا کرنے کے لیے متحرک ہونگا ۔ اسی لیے میں نے اس مشن کو آگے بڑھانے کا فیصلہ کرتے ہوئے چند دوست واحباب کے ساتھ مل کر میگا فلمز کے نام سے ادارہ بنایا 'اس ادارے کے تحت پہلی فلم ''داستان'' شروع کردی ہے۔

حسن عسکری نے کہا کہ بطور پروڈیوسر یہ میرا پہلا پراجیکٹ نہیں بلکہ ا س سے قبل ''طوفان'' '''آگ '' ' ''کنارا'' ' ''قانون'' ' ''جٹ دا کھڑاک'' اور ''جینے کی سزا '' سمیت دس فلمیں پروڈیوس کرچکا ہوں جب کہ آخری فلم ''دوجی دار '' سلطان راہی مرحوم کے ساتھ شروع کی تھی جو ان کی وفات کے ساتھ ہی نامکمل رہ گئی تھی۔ اس فلم کے نامکمل رہنے سے مجھے مالی طور پربہت بڑا دھچکا لگا تھا۔ حسن عسکری نے کہا کہ ''داستان'' ایک میوزیکل لواسٹوری ایکشن فلم ہوگی جسے اردو اور پشتو دونوں زبانوں میں ریلیز کیا جائیگا۔

مقبول خبریں