پاکستان کا 5 رکنی جائزہ وفد آج بھارت روانہ ہوگا

پنجاب پولیس کے ایک اعلیٰ افسر بھی شامل، تمام پانچوں شہروں کا دورہ شیڈول میں شامل


Saleem Khaliq December 01, 2012
پاکستانی آفیشلز اپنے دورے میں پانچوں وینیوز کا دورہ کر کے وہاں کھلاڑیوں و میڈیا کے لیے انتظامات کا جائزہ لیں گے. فوٹو: فائل

پاکستان نے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے بھارت جانے والے وفد میں پنجاب پولیس کے ایک اعلیٰ افسر کو بھی شامل کرلیا۔ پانچوں ارکان کی ہفتے کو دہلی روانگی شیڈول ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستانی کرکٹ ٹیم رواں ماہ کی 22 تاریخ کو پڑوسی ملک جا رہی ہے، طویل عرصے بعد باہمی سیریز ہونے کے سبب مقابلے خاصی اہمیت کے حامل ہیں، میچز سے قبل انتظامات کا جائزہ لینے کیلیے بورڈ نے ایک وفد بھیجنے کا فیصلہ کیا جو ہفتے کو روانہ ہو رہا ہے، 8روزہ دورے میں ارکان تمام پانچوں سینٹرز کا جائزہ لیں گے۔

S1

وفد میں پنجاب پولیس کے ڈی آئی جی سہیل کو بھی شامل کر لیا گیا، وزارت داخلہ کی نمائندگی لودھی کریں گے، دیگر ارکان پی سی بی کے منیجر انٹرنیشنل کرکٹ عثمان واہلہ، ڈائریکٹر سیکیورٹی اینڈ ویجیلنس احسان قادر اور جی ایم میڈیا ہیں۔ پاکستانی وفد سب سے پہلے نئی دہلی جائے گا ، اتوار کو کولکتہ روانگی شیڈول ہے، اسی شب بنگلور اور اس کے بعد احمد آباد و چنئی کا سفر کرنا ہے۔ پاکستانی آفیشلز اپنے دورے میں پانچوں وینیوز کا دورہ کر کے وہاں کھلاڑیوں و میڈیا کے لیے انتظامات کا جائزہ لیں گے، پولیس حکام، بھارتی بورڈ و مقامی کرکٹ ایسوسی ایشنز کے آفیشلز سے میٹنگز بھی طے ہیں۔

پاکستانی ٹیم تمام شہروں کے جن ہوٹلز میں قیام کرے گی وفد کے ارکان وہاں بھی جائیں گے، اس موقع پر انھیں مجوزہ سیکیورٹی پلان سے بھی آگاہ کیا جائے گا، اگر کہیں بہتری کی ضرورت محسوس کی گئی تو وہ اس حوالے سے تجاویز دیں گے۔ یاد رہے کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان پہلا ٹوئنٹی 20 میچ 25 دسمبر کو بنگلور میں کھیلا جائے گا، اس طرز کا دوسرا مقابلہ 27 تاریخ کو احمد آباد میں ہونا ہے، دونوں ٹیمیں 30 دسمبر، 3 اور 6 جنوری کو ون ڈے انٹرنیشنل میچزچنئی، کولکتہ اور دہلی میں کھیلیں گی۔