بلدیاتی قانون کے مخالفین کالا باغ ڈیم پر خاموش کیوں قائم علی شاہ

فیصلہ عدالتی مارشل لاہے،اے این پی،پشاورہائیکورٹ بارکی عدالتی فیصلے کیخلا ف قرارداد


News Agencies/Numaindgan Express December 02, 2012
فیصلہ نامناسب ہے،وزیراعلیٰ سندھ،سکھرمیںگفتگو،کالاباغ ڈیم ہماری لاشوں پر ہی تعمیرہوسکتاہے،فیصلہ عدالتی مارشل لاہے،اے این پی،پشاورہائیکورٹ بارکی عدالتی فیصلے کیخلا ف قرارداد۔ فوٹو: فائل

لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعدپیپلزپارٹی اوراے این پی نے کہاہے کہ وہ کسی صورت کالاباغ ڈیم نہیں بننے دینگے،ڈیم کا منصوبہ سندھ اور خیبر پختونخوا کیلیے نقصان دہ ہے۔

سندھ کے وزیر اعلیٰ سید قائم علی شاہ نے سکھرایئر پورٹ پرمیڈیاسے گفتگو کر تے ہوئے کہاکہ کا لا باغ ڈیم کسی طور برادشت نہیں کریں گے،سندھ میں پہلے ہی پا نی کی قلت ہے،کالا باغ ڈیم مردہ گھوڑاہے ،عدالتی فیصلے پر افسوس ہے،بلدیاتی قانون پر شورمچا نے وا لے کالاباغ ڈیم کے معاملے پرکیوں خاموش ہیں؟ایک قانون پر شورمچا نے وا لے آج کل پنجاب کے آلہ کاربنے ہوئے ہیں۔

آئی این پی کے مطابق وزیرجیل خانہ جات سندھ منظور وسان نے کہاکہ کالا باغ ڈیم کی تعمیر سندھیوں کیلیے زندگی اور موت کامسئلہ ہے اس کی حمایت کر نیوالوں کامقابلہ کریں گے،پیپلزپارٹی سندھ کے خلاف کوئی فیصلہ نہیں کرے گی،کالاباغ ڈیم کسی صورت نہیں بنے گا۔خیرپور میں تقریب سے خطاب اور میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ3ماہ کے بعداسمبلیاں تحلیل ہوجائیں گی،الیکشن مقررہ وقت پرہوں گے۔

سکھرسے نمائندہ ایکسپریس کے مطابق سکھرایئرپورٹ پر میڈیاسے گفتگوکرتے ہوئے قائم علی شاہ نے کہاکہ کالاباغ ڈیم سے متعلق عدالتی فیصلہ نامناسب ہے۔آن لائن کے مطابق وزیراعلیٰ نے کہاکہ بلدیا تی قانون پرشور شرابے پرافسوس ہے اس میں ترمیم ہو سکتی ہے جس کے لیے اسمبلی مو جودہے،سندھ بچائوکمیٹی کے صدرکے ڈپٹی اسپیکرکے دور میں 2001کا قانون لا یا گیاجس کے ذریعے حیدرآباد کو چاروں حصوں میں تقسیم کیا گیا مگر ہم نے اس پر شور نہیں مچایا ہم نے توسکھر،لا ڑ کانہ کے میئرکوبھی کراچی کے میئرزجتنے اختیارات دیے،دہرا نظام ہمارا نہیں وہ تھااب شورمچا نے وا لے دیکھ لیں کس نے کالاباغ ڈیم کامسئلہ اٹھایاہے،کون مخلص ہے کون نہیں ہم نے حیدرآباداورکموں شہیدمیں کالا باغ ڈیم کے معاملے پر جلسے کیے اوردھرنے دیے اسے تو لوگ نہیں بھول نہیں سکتے،بلدیاتی قانون کو ئی ایشو نہیں،اس پر وہ اسمبلی میں ترمیم لائیں ترمیم کی ضرورت ہو گی توضرور کریں گے۔

01

انھوں نے کہاکہ کراچی میں ٹا رگٹ کلنگ اورجرائم کوروکنے کے لیے دنیا کے بڑے شہروں کی طرح جدیدسیکیورٹی سسٹم لا رہے ہیں جس سے نہ صرف جرائم روکنے میں مدد ملے گی بلکہ با قی جوتھوڑی بہت ٹا رگٹ کلنگ ہو رہی ہے اس پر بھی قابو پا لیں گے۔ادھرخیبرپختونخواحکومت نے کالاباغ ڈیم کی تعمیر کے احکامات کو عدالتی مارشل لاقراردیتے ہوئے اعلان کیاکہ کالاباغ ڈیم کی تعمیرہماری لاشوں پرہی ہوسکتی ہے،عدلیہ کوایسے متنازع امور میں الجھ کر پارلیمنٹ کی توہین نہیں کرنی چاہیے۔

صو بائی وزیراطلاعات میاں افتخار حسین نے کہا کہ غازی بروتھاڈیم کے پانی کا بھی حساب کریں گے کیونکہ ہمارے حصے کاپانی پنجاب جارہا ہے جبکہ وہ آبیانہ بھی وصول کریں گے جو ہمارے پانی پراگنے والی فصلوں سے پنجاب وصول کررہاہے،ہم واضح کرنا چاہتے ہیں کہ جب نوازشریف وزیراعظم تھے اس وقت وہ اس ڈیم کونہ بناسکے تواب یہ کیابنے گا ۔

انھوں نے چیف جسٹس افتخار محمدچوہدری سے مطالبہ کیاکہ وہ لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کاازخودنوٹس لیتے ہوئے اسے ختم کردیں،کسی صوبے کی اجازت کے بغیرڈیم تعمیر نہیں کیا جاسکتا،مخصوص ٹولہ اپنی زمینوں کو سیراب کرنے کے لیے کالاباغ ڈیم کو تعمیر کرا کے خیبر پختونخوا کو ڈبونا جبکہ سندھ کی زمینوں کو بنجر کرنا چاہتا ہے۔ بشیر احمد بلور نے کہا کہ جب تک ایک پختون بھی زندہ ہے یہ ڈیم نہیں بن سکے گا۔

ادھر پشاورمیں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قومی وطن پارٹی کے چیئرمین آفتاب احمدشیرپائو نے کہاہے کہ کالا باغ ڈیم پرلاہورہائیکورٹ کافیصلہ صوبوں کے درمیان عدم اعتماد کی فضاپیداکرسکتاہے کیونکہ یہ ایک متنازع ایشوہے۔دریں اثناپشاورہائیکورٹ بارایسوسی ایشن نے کالاباغ ڈیم کے تعمیرکے حوالے سے دیے گئے لاہورہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف قراردادکی منظوری دیدی ۔پشاورہائیکورٹ بارایسوسی ایشن کاہنگامی اجلاس عبدالطیف آفریدی کی زیرصدارت منعقدہوا جس میں لاہورہائیکورٹ کے فیصلے کو شدیدتنقیدکانشانہ بنایا گیا۔