دہری شہریت حلف نامے نہ دینے والوں کے نام سپریم کورٹ ارسال متحدہ کے 4ارکان مستعفی

چیف الیکشن کمشنر، نئی حلقہ بندیوں پر ایم کیو ایم کے تحفظات دورکرنے کو تیار ہیں، سیکریٹری الیکشن کمیشن


News Agencies December 03, 2012
استعفیٰ دینے والوں کیخلاف بھی فوجداری کارروائی ہوگی، ذرائع، مستعفی ارکان میں حیدر عباس رضوی‘ طیب حسین‘ فوزیہ اعجاز‘ ندیم احسان شامل۔ فوٹو: فائل

الیکشن کمیشن دہری شہریت پرحلف نامے جمع نہ کرنے والے ارکان کے نام سپریم کورٹ کو ارسال کردیے ہیںجبکہ مستعفی ہو جانے والے ارکان سے متعلق فیصلہ آج کمیشن کے اجلاس میں کیاجائے گا۔

ادھرقومی اسمبلی کے4ارکان بھی مستعفی ہوگئے ہیں،اسپیکر قومی اسمبلی نے چاروں ارکان قومی اسمبلی کے استعفے منظور کرکے الیکشن کمیشن کوارسال کردیے ہیں۔چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر)فخرالدین جی ابراہیم نے کہاہے کہ سندھ اسمبلی سمیت دیگرخالی ہونے والی نشستوں پرضمنی انتخابات نہیں کرائیں گے، یہ نشستیں عام انتخابات تک خالی رہیںگی،ملک کا مستقبل شفاف انتخابات سے وابستہ ہے،اگرانتخابات صاف شفاف نہ ہوئے توہمارے بچوں کاکوئی مستقبل نہیں رہے گا،ملک اورسیاسی جماعتوںکوبھی نقصان ہوگا۔

04

یہ بات انھوں نے نوشہروفیروزمیں ضمنی انتخابات کے انتظامات کاجائزہ لینے کے بعدمیڈیاسے گفتگوکرتے ہوئے کہی۔چیف الیکشن کمشنر نے نوشہروفیروزکادورہ کیا،پی ایس 21کے امیدواروں سے ملاقات کی،الیکشن کمیشن کے عملے نے چیف الیکشن کمشنرکوانتخابی معاملات پربریفنگ بھی دی۔ ثنا نیوزکے مطابق الیکشن کمیشن نے مستعفی دہری شہریت کے حامل ارکان کیخلاف فوجداری کارروائی کافیصلہ کیاہے اورمتعلقہ ارکان سے تنخواہیں اورمراعات واپس لی جائیںگی اوران کے کیسز متعلقہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججزکوبھجوائے جائیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ دہری شہریت والوں کو 3سال کی قیداور5سال کے لیے نا اہل ہوسکتے ہیں،ایسے ارکان سے حلف سے لے کراب تک لی گئی تنخواہیں اورمراعات واپس لی جائیںگی۔سیکریٹری الیکشن کمیشن اشتیاق احمدنے کہاہے کہ دہری شہریت پرحلف نامے جمع نہ کرانے والے ارکان کے نام سپریم کورٹ بھجوائیںگے،جو ارکان مستعفی ہوگئے ہیں الیکشن کمیشن ان کاجائزہ لے گاکہ ان ارکان کے ساتھ کیاکیاجاناچاہیے،الیکشن کمیشن کے ارکان آج( پیر کو)اجلاس میں اس معاملے پر غور کریں گے۔

05

ادھراسپیکرقومی اسمبلی ڈاکٹرفہمیدہ مرزانے ارکان قومی اسبملی حیدرعباس رضوی،سیدطیب حسین،فوزیہ اعجاز اور ڈاکٹر ندیم احسان کی جانب سے ذاتی وجوہات پرقومی اسمبلی کی نشستوں سے دیے جانے والے استعفے منظورکرکے انہیں الیکشن کمیشن کوبھیج دیے ہیں۔ذرائع کاکہناہے کہ یہ استعفے دہری شہریت کی بناپردیے گئے ہیں۔دریں اثنا اسلام آباد سے نمائندہ ایکسپریس ملک منظور کے مطابق سیکریٹری الیکشن کمیشن اشتیاق احمد خان نے کہا ہے کہ دہری شہریت سے متعلق حلف نامہ جمع نہ کرانیوالے ارکانِ پارلیمنٹ کے نام اور رپورٹ کمیشن نے سپریم کورٹ میں جمع کرا دی ہے۔ ''ایکسپریس'' کیساتھ خصوصی گفتگو میں انکا کہنا تھا کہ ارکان پارلیمنٹ کو حلف نامہ جمع کرانیکی ڈیڈ لائن 30 نومبر تک دی گئی تھی۔

ہمارا کام عدالت میں حلف نامے جمع نہ کرانے والوں کے بارے میں رپورٹ جمع کرانا ہے، عدالتی کارروائی پر میں تبصرہ نہیں کر سکتا۔ انھوں نے کہا کہ سندھ کی 16 میں سے 15 سیاسی جماعتوں کے قائدین نے کراچی میں نئی حلقہ بندیوں پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ ایم کیو ایم کے رہنمائوں کو کراچی میں نئی حلقہ بندیوں کے بارے میں سپریم کورٹ کے فیصلے کی کاپی دیدی گئی ہے، فیصلہ پڑھ کر سنا بھی دیا گیا ہے۔ ایم کیوایم کے تمام تر تحفظات دور کرنے کیلیے تیار ہے، نئی حلقہ بندیاں وقت کی اہم ترین ضرورت ہے، مجموعی طور پر اہلیان کراچی نئی حلقہ بندیوں پر بیحد خوش ہیں۔ عدالت عالیہ نے کراچی میں نئی حلقہ بندیوں کا فیصلہ اکتوبر 2011 کو دیا تھا۔ذرائع نے بتایا ہے کہ حلف نامے جمع نہ کرانے والے ارکان کے نام سپریم کورٹ کو ارسال کردیے گئے ہیں۔