بدامنی کے خاتمے کیلیے پاک بھارت بہتر تعلقات ناگزیر ہیں وزیراعظم

حکومت اقلیتوں کے تحفظ کیلیے کوشاں ہے،بابا گورونانک نے ہمیشہ صلح جوئی کا پرچار کیا


سکھ اقلیت کے لیے علیحدہ وزارت قائم کی جائے گی، لاہور میں سیمینار سے خطاب۔ فوٹو: فائل

وزیراعظم راجا پرویز اشرف نے کہا ہے کہ حکومت اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کیلیے کوشاں ہے۔

مذاہب محبت، بھلائی اور انسانیت کی فلاح کا درس دیتے ہیں، برصغیر سے جہالت اور بدامنی کے خاتمے کیلیے پاک، بھارت تعلقات میں بہتری ناگزیر ہے' بابا گرونانک نے ہمیشہ صلح جوئی' سچائی' رحمدلی' انصاف اور خدا سے محبت کا پرچار کیا جبکہ وہ معاشرے میں بداخلاقی کے مخالف تھے۔ وہ بابا گرونانک کے 544ویں جنم دن کی تقریب کے سلسلے میں دیال سنگھ ریسرچ اینڈ کلچر ل فورم کے زیر اہتمام ''اج سکھ قوم کتھے کھڑی اے'' کے موضوع پر انٹرنیشنل سیمینار سے خطاب کر رہے تھے۔

08

وزیراعظم نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت اقلیتوں کے حقوق کی سب سے بڑی علمبردار ہے۔ پاکستان آنے والے سکھ یاتریوں کو ویزے کے حصول میں آسانیاں پیدا کرنے سمیت ان کے تمام مسائل حل کیے جائیں گے تاکہ انہیں کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انھوں نے کہا کہ کوئی بھی مذہب دہشت گردی اور انتہا پسندی کی حمایت نہیں کرتا، ہمارا دین اسلام دوسروں اور خاص طور پر اقلیتوں اور غیر مسلموں کی فلاح و بہبود کا درس دیتا ہے۔ وزیراعظم نے آصف ہاشمی کی درخواست پر شاہدرہ میں پاسپورٹ آفس کے قیام کا اعلان کیا۔ ثناء نیوز کے مطابق وزیراعظم نے سکھ اقلیت کیلیے علیحدہ وزارت کے قیام کا بھی اعلان کیا۔

09

تقریب کے آخرمیں کلچرل پروگرام ہوا،جس میں بھارتی گلوکار ہنس راج ہنس اور پاکستانی گلوکار شوکت علی نے صوفیانہ کلام پیش کیا۔ علاوہ ازیں وزیراعظم سے گورنر ہاؤس میںگورنر پنجاب لطیف کھوسہ نے ملاقات کی اور صوبے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال اور سیاسی معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔ آن لائن کے مطابق وزیراعظم نے ملالہ کے ساتھ زخمی ہونے والے طالبات شازیہ اور کائنات کوفون کیا اور انکی خیر یت دریا فت کی صحت یابی پر انھیں مبارکباد دی۔ وزیراعظم کے نمائندے نے دونوںطالبات کے گھر جاکر ان کو لیپ ٹاپ اور دیگرتحائف پیش کیے۔