وانا میں چیک پوسٹ پر خودکش حملہ کیپٹن سمیت 4اہلکار شہید

چیک پوسٹ اور طبی مرکزکی چھت تباہ، 2 اہلکارشہیداور2زخمی ہوئے، سیکیورٹی ذرائع، خیبرایجنسی میں 8جنگجو ہلاک


Numaindgan Express December 06, 2012
چیک پوسٹ اور طبی مرکزکی چھت تباہ، 2 اہلکارشہیداور2زخمی ہوئے، سیکیورٹی ذرائع، خیبرایجنسی میں 8جنگجو ہلاک فوٹو : فائل

جنوبی وزیرستان کے صدر مقام وانا میں زیڑی نور فوجی کالونی کی چیک پوسٹ پر خود کش حملے میں کیپٹن سمیت 4 جوان شہید اور 9 زخمی ہوگئے جبکہ چیک پوسٹ کا برج اور کالونی میں موجود فوجی اسپتال کی چھت تباہ ہوگئی، قریبی مکانات کو بھی نقصان پہنچا۔

بدھ کوصبح 7 بجے کے قریب وانا سے تقریباً 7 کلو میٹر مغرب کی جانب انگور اڈا روڈ پر واقع زیڑی نور فوجی کالونی کی چیک پوسٹ سے بارود سے بھر ٹرک ٹکراگیا ، دھماکے میں کیپٹن سمیت 4 اہلکار شہید اور 9 زخمی ہوگئے، بی بی سی کے مطابق حملے میں چیک پوسٹ کا برج اور کالونی کے اندر طبی امدادی مرکز تباہ ہوگیا، زخمیوں کی تعداد 23 تک ہے، زیڑی کالونی کے قریب کیڈٹ کالج اور گرلز کالج بھی واقع ہیں۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق 2 خودکش حملہ آوروں نے بارود سے بھری گاڑی کیمپ کے اندر لے جانے کی کوشش کی ، سیکیورٹی پر مامور اہلکاروں نے کیمپ سے 100 میٹر کے فاصلے پر گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا تاہم وہ نہ رکی ، اس پر سیکیورٹی اہلکاروں نے فائرنگ کی جس سے گاڑی دھماکے سے تباہ ہوگئی اور اس میں سوار 2 خودکش حملہ آور ہلاک ہوگئے جبکہ 2 جوان شہید اور 2 زخمی ہوگئے۔ صدر زرداری اور وزیراعظم پرویز اشرف نے خودکش حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسی بزدلانہ کارروائیاں پاکستان کی غیور مسلح افواج کے عزم کو متزلزل نہیں کرسکتیں۔

09

دوسری طرف ملانذیر گروپ کی جانب سے 5 دسمبر تک انخلا کی ڈیڈلائن گزشتہ روز ختم ہوگئی ہے اور محسود قبائل نے وانا سے نقل مکانی شروع کردی ہے، برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق طالبان حلقہ محسود کے ترجمان عاصم محسود نے بتایا کہ ملا نذیر پر حملے سے انکا کوئی تعلق نہیں ہے۔ آن لائن کے مطابق خیبر ایجنسی کے علاقہ بازار ذخہ خیل میں امن لشکر اور شدت پسندوں کے مابین مورچے کے حصول کیلیے جھڑپ میں 8 شدت پسند ہلاک اور 7 زخمی ہوگئے۔

پشاور کے علاقہ چمکنی میں پولیس نے جی ٹی روڈ پر ایک ٹرک سے120من بارود ، 20 وائرلیس سیٹ،13 بیٹریاں ،52 ریسور،13 ریمورٹ کنٹرول اور پریما کارڈز سمیت کئی بوریاں کیمیکل برآمد کر کے تخریب کاری کا منصوبہ ناکام بنادیا ، گاڑی کے ڈرائیور ناصر کو گرفتار کرلیا گیا۔ ہنگو کے علاقہ بگٹومیں گھر کیساتھ نصب 10کلو گرام وزنی بم ناکارہ بنا دیا گیا۔ ادھر طالبان نے گومل زام ڈیم کے مغوی اہلکاروں کے قتل کی ڈیڈلائن میں مزید چند روز کی توسیع کردی ہے۔

مقبول خبریں