مٹیاری میں پی پی مخالف اتحاد قائم دیرینہ دوست بھی مخدوموں کا ساتھ چھوڑ گئے

فنکشنل لیگ، قوم پرست اور دیگر جماعتیں اتحاد بنانے میں پیش پیش، آئندہ الیکشن میں مخدوم خاندان کو شکست دینگے، شہاب شاہ


Nama Nigar December 07, 2012
پیر صاحب پگارا کی ہدایت پر ضلع مٹیاری میں دیگر جماعتوں کو ساتھ لے کر پیپلز پارٹی کے خلاف الیکشن لڑیں گے. فوٹو: فائل

مٹیاری میں اینٹی پیپلز پارٹی مخدوم اتحاد قائم ہوگیا، مسلم لیگ فنکشنل، قوم پرست جماعتوں سمیت دیگر نے مخدوم امین فہیم کا گھیرائو تنگ کردیا۔

امین فہیم کو ان کے قریبی دوست بھی الوداع کہہ کر اینٹی پیپلز پارٹی اتحاد میں شامل ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق مٹیاری میں سابق ضلع ناظم سید محمد علی شاہ جاموٹ کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں مخدوم امین فہیم کے قریبی ساتھی و پیپلز پارٹی کے رہنما رئیس علی احمد نظامانی، پیپلز پارٹی مخالف اتحاد میں شامل سابق ایم این اے سید شہاب الدین شاہ، سابق ضلع ناظم سید محمد علی شاہ جاموٹ، سید دربار علی شاہ، ایوب ہنگورو، میمن جماعت کے سربراہ عبدالغفور میمن، خاصخیلی اتحاد کے علی نواز خاصخیلی، سندھ سیو موومنٹ کے سید شاہ محمد شاہ سمیت سعید آباد، بھٹ شاہ، ہالا کی اہم شخصیات نے شرکت کی۔

اس موقع پر پیپلزپارٹی مخالف اتحاد '' اینٹی پیپلز پارٹی مخدم اتحاد'' بنایا گیا، جس میں حلقے کی اہم شخصیات سمیت لوگوں کی بڑی تعداد نے مخدوم خاندان سے بیزاری کا اظہار کرتے ہوئے مذکورہ اتحاد میں شمولیت کا اعلان کیا۔ دریں اثناء مشترکہ پریس کانفرنس اور اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے محمد علی جاموٹ نے کہا کہ پی پی حکومت نے ضلع مٹیاری میں کرپشن کی انتہا کردی ، 5 برسوں میں مخدوم خاندان نے مٹیاری کے عوام کو مایوسی کے سوا کچھ نہیں دیا۔

03

انھوں نے کہا کہ پیر صاحب پگارا کی ہدایت پر ضلع مٹیاری میں دیگر جماعتوں کو ساتھ لے کر پیپلز پارٹی کے خلاف الیکشن لڑیں گے اور جیت کر دکھائیں گے۔ شہاب الدین شاہ نے کہا کہ اس مرتبہ ضلع مٹیاری میں فیصلہ کن مقابلہ ہوگا جس میں انشاء اللہ پیپلز پارٹی کو شکست دیں گے۔ شہاب الدین شاہ نے الزام عائد کیا کہ مخدوم خاندان نے مٹیاری میں ترقیاتی کاموں سمیت نوکریوں میں بھی بڑی کرپشن کروائی ہے ۔

مخدوم امین فہیم کے قریبی ساتھی رئیس علی احمد نظامانی نے کہا کہ بے نظیر بھٹو کی شہادت کے بعد لوگوں نے ایک مرتبہ پھر پیپلز پارٹی کو موقع دیا لیکن پی پی حکمرانوں نے کھوکھلے نعروں کے سوا عوام کو کچھ نہیں دیا۔ انھوں نے کہا کہ ضلع مٹیاری میں پی پی کے سینئر رہنماء مخدوم خاندان سے مایوس ہوکر نئے اتحاد میں شامل ہوئے ہیں۔ مخدوم امین فہیم نے اپنے دوستوں کو فراموش کردیا ہے۔ رئیس علی احمد نے کہا کہ وہ مخدوم امین فہیم کو الوداع کہہ رہے ہیں جس پر انہیں کوئی ملال نہیں۔

مقبول خبریں