کراچی ووٹروں کی تصدیق کیلیے 1100 ٹیمیں بنانے کا فیصلہ

شہر178یونین کونسلوں میں تقسیم، ہر یونین کونسل میں 6 ٹیمیں کام کریں گی، ہر ٹیم میں 8 سے 10افراد ہونگے


Staff Reporter December 09, 2012
الیکشن کمیشن اور نادرا کے افسران پر مشتمل 5مرکزی ٹیمیں بھی ہوں گی، حتمی منظوری 13 دسمبر کو دی جائے گی. فوٹو: فائل

سپریم کورٹ کے احکام کی روشنی میں کراچی میں گھر گھر جاکر ووٹرز کی تصدیق اور نئی ووٹرز لسٹوں کی تیاری کے لیے الیکشن کمیشن نے طریقہ کار طے کرنے کا ابتدائی خاکہ تیار کرلیا ہے۔

خاکے کی حتمی منظوری 13 دسمبر کو اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے اہم اجلاس میں دی جائیگی۔ ذرائع کے مطابق کراچی میں نئی حلقہ بندیوں اور ووٹرز لسٹوں کی تیاری کے حوالے سے ابتدائی ہوم ورک شروع کردیا گیا ہے۔ اس خاکے کے تحت کراچی کو 178 یونین کونسلوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ان یونین کونسلز میںگھر گھر جاکر ووٹرز کی تصدیق کے لیے 1100 ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی اور ہر یونین کونسل میں 6 ٹیمیں کام کریں گی جبکہ ہر ٹیم میں 8 سے 10 افراد کو شامل کیا جائے گا۔

ذرائع نے بتایا کہ الیکشن کمیشن 7 ہزار مرد اور 3 ہزار خواتین سرکاری ملازمین کی خدمات حاصل کرے گا۔ان ٹیموں کے علاوہ ضلعی سطح پر 5 مرکزی ٹیمیں بھی تشکیل دی جائیں گی جو الیکشن کمیشن اور نادراکے افسران پر مشتمل ہونگی۔

01

الیکشن کمیشن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ووٹرز لسٹوں کی تیاری کا کام رواں ماہ کے تیسرے ہفتے سے شروع کردیا جائے گا اور اس کام کو ایک ماہ میں مکمل کرلیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق حلقہ بندیوں کے حوالے سے کام کا آغاز سیاسی و مذہبی جماعتوں کی جانب سے فراہم کردہ تجاویز ملنے کے بعد ایک حتمی پالیسی تشکیل دینے کے بعد شروع کیا جائے گا۔

کراچی میں گھر گھر جاکر ووٹرز کی تصدیق اور نئی ووٹرز لسٹوں کی تیاری کے لیے الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس 13 دسمبر کو اسلام آباد میں ہوگا جس میں ان کاموں کے حوالے سے حتمی لائحہ عمل طے کیا جائے گا اور ووٹرز کی تصدیق کے کام کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی معاونت حاصل کرنے کے لئے بھی پالیسی طے کی جائے گی۔ اجلاس کی صدارت چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) فخر الدین جی ابراہیم کریں گے۔

مقبول خبریں