فنڈز کی عدم فراہمی پنجاب گیمز کا انعقاد کھٹائی میں پڑ گیا

ایسوسی ایشن نے ڈیڑھ کروڑ طلب کیے تھے، تاحال کوئی پیش رفت نہیں ہوسکی


Sports Reporter/Abbas Raza September 20, 2016
مختلف کھیلوں کی تیاریوں میں مصروف عہدیدار امید اور یاس میں الجھ کر رہ گئے فوٹو: فائل

PESHAWAR: فنڈز کی عدم فراہمی کے سبب پنجاب گیمز کا انعقاد کھٹائی میں پڑ گیا، پنجاب اولمپکس ایسوسی ایشن نے ڈیڑھ کروڑ روپے طلب کیے تھے، اس حوالے سے بھجوائی جانے والی سمری پر کوئی کارروائی سامنے نہیں آسکی، وسائل کی کمی کے سبب تیاریاں دھری رہ جانے کا خدشہ پیدا ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب گیمز کا 28 سے 30 ستمبر تک لاہور میں انعقاد کرانے کا فیصلہ کیا گیا تھا، مکمل پلان تیار کرنے کے بعد انتظامی امور کیلیے خاصی پیش رفت بھی کی گئی تھی لیکن فنڈز کی عدم فراہمی کے سبب معاملات کھٹائی میں پڑتے نظر آرہے ہیں،ذرائع کے مطابق گیمز میں 3ہزار کے قریب کھلاڑیوں کی شرکت متوقع ہے،ان کے قیام و طعام سمیت وسیع پیمانے پر انتظامی امور کیلیے پنجاب اولمپکس ایسوسی ایشن نے صوبائی حکومت سے ڈیڑھ کروڑ روپے طلب کیے تھے،اس حوالے سے درخواست میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ تیاریوں کیلیے نصف کے قریب رقم پہلے دیدی جائے، کھیلوں کے انعقاد میں چند روز ہی باقی رہ گئے ہیں۔

تاہم اس ضمن میں بھجوائی جانے والی سمری پر ابھی تک کوئی کارروائی نہیں ہوسکی، ذرائع کے مطابق متعلقہ حکام کو اعتراض ہے کہ صوبائی مقابلوں کا اہتمام کرنے کا ایک مقصد نیشنل گیمز کی تیاری ہوتا ہے، رواں سال قومی کھیلوں کا انعقاد نہیں ہورہا تو پنجاب گیمز کروانے کی ضرورت ہی نہیں۔ دوسری جانب فنڈز کے حوالے سے تعطل پر پنجاب اولمپکس ایسوسی ایشن میں مایوسی کی لہر پائی جاتی ہے،کئی ہفتوں سے مختلف ایونٹس کی تیاریوں میں مصروف عہدیدار امید اور یاس میں الجھ کر رہ گئے، ان کا کہنا ہے کہ صوبائی سطح پر گیمزکی اپنی اہمیت ہے،نیشنل گیمز نہ بھی ہوں تو نوجوانوں کو صحت مندانہ سرگرمیاں فراہم کرنے میں کوئی حرج نہیں۔