حج و عمرہ کے ویزہ فیسوں کی نئی پالیسی
سعودی عرب کی حکومت نے یکم محرم سے حج اور عمرہ کے ویزہ فیسوں میں اضافہ کرتے ہوئے نئی ویزا پالیسی کا اعلان کر دیا ہے
سعودی عرب کی حکومت نے یکم محرم سے حج اور عمرہ کے ویزہ فیسوں میں اضافہ کرتے ہوئے نئی ویزا پالیسی کا اعلان کر دیا ہے، نئی ویزہ پالیسی کے تحت پہلی دفعہ عمرے کی ادائیگی کے لیے کوئی اضافی فیس وصول نہیں کی جائے گی جب کہ دوسری دفعہ عمرے کی ادائیگی پر تقریباً 55 ہزار پاکستانی روپے (2 ہزار ریال) فیس ہو گی۔
اپنے متن کے اعتبار سے سعودی حکومت کے اس اقدام پر ہماری وزارت مذہبی امور کے لیے غور و فکر کا سامان موجود ہے، پاکستان ان اسلامی ملکوں میں شامل ہے جہاں عمرہ اور حج کی سعادت حاصل کرنے والوں کی تعداد ہر سال بڑھتی جا رہی ہے اور سعودی حکومت اور ٹور آپریٹرز کے معاملات پر ہمیشہ کچھ نہ کچھ ایسے فیصلے ہوتے رہتے ہیں جس میں عازمین حج اور عمرہ پر جانے والوں کو مالی اعتبار سے ادائیگیوں کے نئے شیڈول پیش کیے جاتے ہیں، بنیادی بات ان عازمین کی ہے جو ان سعادتوں کے پہلی بار حصول کا روحانی تجربہ کرتے ہے ، جن اہل وطن کے پاس عمرہ و ہر سال حج کی خواہش اور مالی استطاعت ہو تو ان کی دیار پاک سے دینی نسبت کے کیا کہنے تاہم ہماری وزارت مذہبی امور کو اسی طرز پر اقدامات کا سوچنا چاہیے تا کہ حکومت کو بھی ایسے اقدامات سے زر کثیر موصول ہو۔ سعودی حکومت کی نئی ویزہ پالیسی کا اطلاق یکم محرم الحرام بمطابق 2 اکتوبر2016ء سے ہو گا جب کہ باقاعدہ سرکلر 20 ستمبر کو جاری کیا گیا۔
نئی ویزہ پالیسی کے تحت وزٹ ویزے کی6 مہینے میعاد کی ویزہ فیس تقریباً 81 ہزار روپے (3ہزار ریال) ہو گی۔ پالیسی کے تحت ایک سال کی میعاد کے لیے ویزہ فیس ایک لاکھ 35 ہزار روپے (5ہزار ریال) اور 2سال کے لیے 2 لاکھ 16 ہزار روپے تقریباً (8ہزار ریال) ہو گی۔ اس بابت تمام ایجنٹس اور ذمے داران کو سرکلر کے ذریعے آگاہ کر دیا گیا ہے۔ امید ہے حکومت پاکستان بھی آیندہ حج سیزن اور عمرہ پالیسیوں میں اس قسم کے اقدامات اور فیصلوں پر سوچ بچار کریگی۔