ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کا قیام خوش آیند فیصلہ
سندھ اسمبلی نے جمعرات کو سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے قیام کے لیے بِل اتفاق رائے سے منظور کر لیا ہے
سندھ اسمبلی نے جمعرات کو سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے قیام کے لیے بِل اتفاق رائے سے منظور کر لیا ہے جسے عوام کی سفری سہولیات کے تناظر میں خوش آیند قرار دیا جا سکتا ہے۔
بِل کے مطابق سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی ایکٹ 2016ٗٗء کے تحت قائم کردہ اتھارٹی پورے صوبے میں ماس ٹرانزٹ سسٹمز کی منصوبہ بندی اور ان کی تکمیل کے لیے دیگر اداروں کے ساتھ مل کر کام کرے گی، نیز ایسے سسٹمز کی تعمیر و ترقی کے ساتھ ساتھ ان کی نگرانی اور انھیں ریگولیٹ کرنا، میٹرو بسوں کے روٹس، کرائے، اسٹاپس اور آپریشن کی بھی نگرانی کرنا اتھارٹی کے فرائض میں شامل ہو گا۔
بِل کی منظوری اور اتھارٹی کے قیام کے بعد صوبے میں ٹرانسپورٹ کے مسائل نہ صرف حل ہو سکیں گے بلکہ عوام کو بہتر اور معیاری سفری سہولیات بھی میسر آئیں گی۔ سندھ خصوصاً کراچی جیسے میٹروپولیٹن شہر میں ٹرانسپورٹ کا شعبہ جس زبوں حالی کا شکار ہے وہ کسی سے چھپا نہیں۔
اس سے پیشتر کئی بار ماس ٹرانزٹ منصوبوں کے حوالوں سے کئی اقدامات سامنے آتے رہے ہیں لیکن نتیجہ ندارد۔ ٹرانسپورٹ کے مسائل حل ہونے کے بجائے مزید بڑھتے گئے۔ سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کا ہیڈ آفس کراچی میں جب کہ دیگر شہروں میں بھی دفاتر قائم کیے جائیں گے۔
مذکورہ بل کا مسودہ 2014ء میں تیار کیا گیا تھا جس پر مزید غور کے لیے سندھ اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ کے حوالے کیا گیا تھا۔ بہرحال اب جب کہ اتھارٹی کے قیام کا بل منظور ہو چکا ہے امید کی جانی چاہیے کہ عوام کے وسیع تر مفاد میں مذکورہ اتھارٹی فعال خدمات انجام دے گی اور ٹرانسپورٹ کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔