ووٹر لسٹوں کی تصدیق کیلیے فوج نے رابطہ کرلیا الیکشن کمیشن کا دعویٰ

ہم نے بتادیا کہ اہم اجلاس جمعرات کو ہو رہا ہے، اس کے بعد آگاہ کریں گے، سیکریٹری اشتیاق احمد


INP December 13, 2012
ہم نے بتادیا کہ اہم اجلاس جمعرات کو ہو رہا ہے، اس کے بعد آگاہ کریں گے، سیکریٹری اشتیاق احمد۔ فوٹو: ایکسپریس/فائل

سیکریٹری الیکشن کمیشن اشتیاق احمد نے ایک بار پھر یہ دعویٰ کیا ہے کہ کراچی میں ووٹوں کی گھر گھر تصدیق کے عمل کیلیے فوج نے الیکشن کمیشن سے رابطہ کیا ہے۔

ووٹوں کی گھر گھر تصدیق وقت یکم جنوری 2013سے شروع ہو گی، دوسری طرف عسکری حکام نے بھی ایک بار پھر اس بات کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک فوج کا الیکشن کمیشن سے سرکاری سطح پر رابطہ نہیں ہوا۔

06

بدھ کو ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے سیکریٹری الیکشن کمیشن نے کہا کہ فوج نے رابطہ کیا تھا لیکن ہم نے انھیں کہا کہ کراچی کی ووٹر لسٹوں کے حوالے سے الیکشن کمیشن کا اجلاس جمعرات کو ہو رہا ہے۔ اس کے بعد فوج کو آگاہ کردیا جائے گا اور پھر گھر گھر ووٹر لسٹوں کی تصدیق فوج کے ذریعے شروع ہو جائے گی۔

ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ 15 سیاسی جماعتوں نے تجاویز دے دی ہیں، جمعرات کے اجلاس میں فیصلہ کیا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ کراچی میں گھر گھر ووٹر لسٹوں کی تصدیق کا عمل 2 ماہ میں مکمل کرلیا جائے گا۔