بالی ووڈ اداکاروں کیلئے دوسری شادی ’’خوش قسمتی‘‘ میڈیا پرستار ہمیشہ دیوانے رہے

سیف علی خان، عامرخان، دھرمیندر، راج ببر، سنجے دت اور بونی کپور نے بھی فلمی کیریئر میں دوسری شادی کی۔


Cultural Reporter December 17, 2012
سیف علی خان اور عامر خان کی دوسری شادی کو میڈیا میں بہت پزیرائی ملی۔ فوٹو: فائل

بالی وڈ میں کئی ایسے ' جوڑے ' ہیں جن کی دوسری شادی کی دھوم نے کئی ہفتوں تک ان کے پرستاروں اور میڈیا کو اپنا دیوانہ بنائے رکھا۔

اس کی بہترین مثال گزشتہ ماہ ہونے والی سیف علی خان اور کرینہ کپور کی شادی ہے' سیف علی خان کی یہ پہلی نہیں دوسری شادی ہے' پہلی شادی تو انھوں نے اداکارہ امرتا سنگھ سے کی تھی' سیف علی خان کا فلمی کیرئیر ابھی ٹھیک سے شروع بھی نہیں ہوا تھا' پٹودی کے نواب امرتا سنگھ کو دل دے بیٹھے اور نوبت شادی تک جا پہنچی'1991ء میں جب امرتا سنگھ کامیابی کے عروج پر تھیں، دونوں نے شادی کرلی' لیکن ان کے راستے2004ء میں جدا ہوگئے۔

سیف اور کرینہ کی ملاقاتوں کا سلسلہ 2007ء میں شروع ہوا اور آخر کار سال رواں 2012ء میں شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔عامر خان بھی دو بارشادی کر چکے ہیں' پہلی شادی اپنی بچپن کی محبت رینا سے 1987ء میں کی جو 2002ء تک چلی' عامر اور رینا کے بھی دو بچے جنید اور ایرا ہیں' رینا سے علیحدگی کے بعد عامر نے 'لگان' میں ان کی معاون رہنے والی کرن راو کو جیون ساتھی بنا لیا جن سے ان کا ایک بیٹا اذان ہے۔ ڈریم گرل ہیما مالنی اور دھرمیندر کے طوفانی عشق کا انجام بھی شادی کی صورت میں سامنے آیا' پہلے سے شادی شدہ دھرمیندر نے اپنی خوابوں کی ملکہ کو پانے کے لیے مذہب تبدیل کیا اور مسلمان ہو گئے، سری دیوی نے زندگی کا ساتھی بنانے کے لیے بالی وڈ کے روڈیوسر بونی کپور کی پہلی شادی آٹھ سال تک چلی جس میں ان کا ایک بیٹا ارجن کپور اور بیٹی انوشلا کپور ہیں ۔

1996ء میں بونی نے پہلی بیوی مونا کو طلاق دے کر سری دیوی سے شادی کرلی جن سے ان کی دو بیٹیاں جھانوی اورخوشی ہیں۔ کرینہ کپور، کپور خاندان کی پہلی لڑکی نہیں جس نے شادی شدہ آدمی سے شادی کی۔ ان کی بڑی بہن کرشمہ کپور نے بھی 2003ء میں سنجے کپور کو زندگی کا ہمسفر بنایا جو پہلے ہی شادی شدہ تھے۔ راج اور شلپا کی شادی بالی وڈ کی سب سے زیادہ گفتگو کا موضوع بننے والی شادی رہی۔ شلپا سے پہلے راج کویتا کندرا کے شوہر تھے اور ان کی ایک بیٹی ہے۔ راج نے کویتا کو طلاق دے کر شلپا سے شادی کی' دونوں کا ایک بیٹا ہے۔ بالی وڈ کے سنجو بابا نے ایک دو نہیں بلکہ تین شادیاں کیں۔

1987ء میں ریچا شرما کو زندگی کا ساتھی بنایا' ان دونوں کی ایک بیٹی تریشالہ ہے' ریچا کے دنیا سے گزر جانے کے بعد سنجے نے 1998ء میں ریحا پلائی سے شادی کی جس کا اختتام 2005ء میں طلاق پر ہوا۔2008ء میں سنجے نے مانیتا کو اپنا ساتھی بنایاجنہوں نے2010ء میں جڑواں بچوں ایک بیٹی اور ایک بیٹے کو جنم دیا۔ روینہ ٹنڈن نے فلم ڈسڑی بیوٹر انیل تھڈانی سے 2004 میں شادی کی' انیل کی پہلی بیوی نتاشا سپی، فلم پروڈیوسر رومیو سپی کی بیٹی تھیں' ان کی شادی اس لحاظ سے تنازع کا شکار ہوئی کہ رومیوسپی نے نتاشا کی طلاق کا ذمے دار روینہ کو ٹھہرایا۔ روینہ اور انیل2005ء میں بیٹی رشہ اور 2007ء میں بیٹے رنبیر کے ماں باپ بن گئے۔

گیت کار جاوید اختر اور اداکارہ شبانہ اعظمی بالی وڈ کا ایسا جوڑا ہے جو اپنی صاف گوئی اور سماجی کاموں میں پیش پیش ہونے کی وجہ سے مشہور ہے۔ دونوں ہی اپنے اپنے شعبوں کا بہت بڑا نام ہیں'شبانہ اور جاوید نے 1984ء میں شادی کی' جاوید اختر کی یہ دوسری شادی تھی' ان کی پہلی بیوی ہنی ایرانی سے دو بچے فرحان اور زویا ہیں۔

راج ببر کی پہلی بیگم نادرہ ظہیر ہیں اورجن سے ان کا ایک بیٹا آریا اور ایک بیٹی جوہی ہیں' راج ببر نے دوسری شادی کے لیے سمیتا پٹیل کا انتخاب کیا' ان کی شادی پر عورتوں کے حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیموں نے خوب شور مچایا اور سمیتا پاٹل کو 'گھر توڑنے' والی قرار دے ڈالا' سمیتا بیٹے پریتک کو جنم دینے کے دو ہفتے بعد چل بسیں جس کے بعد راج ببر نے اپنی پہلی بیوی نادرہ سے اختلافات ختم کر لیے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں