عراق، موصل میں شدید لڑائی جاری، داعش کے 30 شدت پسند ہلاک

اے ایف پی / نیٹ نیوز  اتوار 13 نومبر 2016
موصل کو داعش سے آزاد کرانے کے لیے لڑائی چوتھے ہفتے میں داخل ہوگئی، عراقی فورسز کو داعش کی طرف سے شدید مزاحمت کا سامنا ہے۔ فوٹو: فائل

موصل کو داعش سے آزاد کرانے کے لیے لڑائی چوتھے ہفتے میں داخل ہوگئی، عراقی فورسز کو داعش کی طرف سے شدید مزاحمت کا سامنا ہے۔ فوٹو: فائل

بغداد: عراقی سیکیورٹی فورسز کی موصل میں داعش کے خلاف پیش قدمی جاری ہے، لڑائی میں داعش کے 30 شدت پسند ہلاک ہوگئے، فورسز نے داعش کے شدت پسندوں کو پسپا کرتے ہوئے موصل کے مشرقی علاقے میں 2 اضلاع پر کنٹرول حاصل کر لیا ہے، سیکیورٹی فورسز نے لڑائی کے دوران داعش کی 9 گاڑیوں کو بھی تباہ کردیا ہے جو خودکش حملوں میں استعمال ہونی تھیں، فورسز نے داعش کے 3 راکٹ لانچرز کو بھی تباہ کردیا، شدید لڑائی کے دوران داعش کے 30 شدت پسند ہلاک ہوگئے۔

موصل کو داعش سے آزاد کرانے کیلیے لڑائی چوتھے ہفتے میں داخل ہوگئی ہے، عراقی سیکیورٹی فورسز کو لڑائی کے دوران داعش کی طرف سے شدید مزاحمت کا سامنا ہے، داعش کے شدت پسند اسنائپر حملے اور خودکش دھماکے کر رہے ہیں، داعش نے موصل میں سرنگیں بھی کھودی ہوئی ہیں جن کی مدد سے وہ عراقی فورسز پر آسانی سے حملے کر رہے ہیں۔

داعش کی طرف سے سخت مزاحمت کے باوجود عراقی فورسز کی موصل میں پیش قدمی جاری ہے، لڑائی کے دوران عراقی فورسز کو امریکی فضائیہ کی بھی مدد حاصل ہے، عام شہری موقع ملتے ہی محفوظ مقامات کی جانب منتقل ہونے کی کوشش کر رہے ہیں، اب تک 50 ہزار کے قریب افراد شہر سے باہر نکلنے میں کامیاب ہو چکے ہیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔