وزیر اعظم کے احکامات نظر انداز حیدرآباد میں بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ

رمضان المبارک میں 4گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کے دعوے دھرے رہ گئے


Numaindgan Express July 26, 2012
رمضان المبارک میں 4گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کے دعوے دھرے رہ گئے۔ فائل فوٹو

حیسکو نے وزیر اعظم کے احکامات کو ردی کی ٹوکری میں ڈال دیا، رمضان المبارک میں بھی بجلی کی علانیہ و غیر علانیہ طویل لوڈشیڈنگ جاری، کئی علاقوں میں سحر و افطار کے اوقات میں بھی بجلی کی آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری ہے ۔ رمضان المبارک کے آغاز سے قبل وزیر اعظم کے احکامات پر حیسکو نے لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 4گھنٹے کرنے کا اعلان کیا تھا،

لیکن حیسکو کے یہ دعوے صرف دعوے ہی ثابت ہوئے جوں جوں رمضان آگے بڑھ رہا ہے، لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بھی بڑھتا جا رہا ہے، شہر ، لطیف آباد اور قاسم آباد کے علاقوں میں آٹھ آٹھ گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے، کئی علاقوں میں سحر و افطار کے وقت بھی بجلی کی آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری رہتا ہے جب کہ اکثر علاقوں میں فنی خرابی کو جواز بناتے ہوئے کئی کئی گھنٹے بجلی بند کر دی جاتی ہے۔ گزشتہ روز بھی ہیر آباد فیڈر میں تیکنیکی خرابی کے باعث شہر کے وسیع گنجان آباد علاقے کی بجلی بند ہو گئی،

جب کہ رواں ہفتے میں تیسری بار ہیر آباد فیڈر فنی خرابی کے باعث بند ہوا ہے۔ اسی طرح صدر سب ڈویژن میں بھی آئے دن فنی خرابی کے باعث ملحقہ علاقوںکو بجلی کی فراہمی معطل کر دی جاتی ہے۔ بجلی کی بندش اور آنکھ مچولی کے باعث کئی علاقوں میں پانی کا بحران بھی پیدا ہو گیا ہے،جس کے باعث شہریوں بالخصوص روزہ داروں کو سحر و افطار کی تیاری میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔