ریاست بچانے کے لیے اگلا الیکشن اہم ہےشیخ رشید

پنجاب اورپختونخوا میں ن لیگ اورپی ٹی آئی میں کانٹے کا مقابلہ ہوگا،ہنگ پارلیمنٹ دیکھ رہاہوں.


Monitoring Desk December 21, 2012
متحدہ حقیقت ہے ،پرویز مشرف جیل گئے توتصادم ہوگا ان کے پاس پیسہ ہے’’ٹودی پوائنٹ‘‘میں گفتگو۔ فوٹو: فائل

عوامی مسلم لیگ کے رہنما شیخ رشید نے کہا ہے کہ ریاست کو بچانا چاہیے لیکن ریاست کو بچانے کے لیے سیاست ضروری ہے اور سیاست کو بچانے کے لیے اگلا الیکشن اہم ہے۔

میں کنویں میں تیرنے کی بجائے سمندر میں ڈوبنے کو ترجیح دیتاہوں۔عمران خان کی وجہ سے پارٹی ورکرزکی اہمیت ہوئی ہے ۔ایکسپریس نیوز کے پروگرام'' ٹودی پوائنٹ'' میں گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ریاست واقعی بھونچال میں ہے لیکن مجھے الیکشن کے علاوہ کوئی حل نظر نہیں آرہا ۔لوگ ہمیں ڈکٹیٹر شپ کا ساتھ دینے کا طعنہ دیا کرتے تھے تو کیا آج چوروں لٹیروں کا ساتھ کوئی نہیں دے رہا ۔انشا اﷲ ریاست بچے گی لیکن ریاست بچانے کے لیے سیاست ضروری ہے اور سیاست کے لیے اگلا الیکشن اہم ہے ۔

آئندہ الیکشن میں ہم پھر ہنگ پارلیمنٹ بنانے جارہے ہیں الیکشن میںخیبرپختونخوا اور پنجاب میں ن لیگ اور پی ٹی آئی کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہوگا، پیپلزپارٹی کے امیدواروں کو پنجاب میں اڑتا دیکھ رہا ہوں۔

08

حکومت کے خاتمے کے بعد پیپلزپارٹی کی انتحابی مہم چلانے والا کوئی نہیں ملے گا کیا زرداری باہرنکلیں گے، وزیراعظم تو گوجر خان کا ٹول ٹیکس نہیں عبورکرسکتا۔ کیا انھوں نے بلاول کو سامنے لاکر مروانا ہے، منظوروٹو کیا کرسکتا ہے ، اس کی تاش پرانی ہوچکی ہے، حکومت جانے کے بعد پیپلزپارٹی شدید سیاسی دبائوکا شکار نظر آرہی ہے ۔

پہلی مرتبہ اسٹیبلشمنٹ اتنی خاموش ہے اور پتہ نہیں ایسا کیوں ہے ۔ پیپلزپارٹی آخرمیں سندھ کارڈ کھیلے گی لیکن سندھ میں بہت تبدیلی آرہی ہے۔ سندھ میں سندھی کو ماردیا گیا ہے، خاکروب تک کی نوکری کو تین لاکھ میں بیچا گیا ہے، ایم کیو ایم ایک حقیقت ہے ان کو جتنا کارنر کیا جائے گا اردواسپیکنگ ان کو اتنے ہی ووٹ ڈالیں گے، مشرف آرہے ہیں، اگر وہ جیل گئے تو تصادم ہوگا۔ انھوںنے بھی سیاست کرنی ہے، ان کے پاس بھی بہت پیسہ ہے، طاہر القادری نیو لک دے رہے ہیں، یہ اچھی بات ہے۔