حمزہ شہباز سے میری جان کو خطرہ ہے عائشہ احد ملک

ہمیں دھمکیاں دی جارہی ہیں، انصاف و تحفظ فراہم کیا جائے، چیف جسٹس کو خط


Online July 26, 2012
ہمیں دھمکیاں دی جارہی ہیں، انصاف و تحفظ فراہم کیا جائے، چیف جسٹس کو خط۔ فائل فوٹو

KARACHI: رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز شریف کی بیوی ہونے کی دعویدار عائشہ احد ملک نے الزام عائد کیا ہے کہ حمزہ شہباز کی نئی شادی کی راہ میں رکاوٹ بننے پر مجھے اور میر ے خاندان والوں کو حمزہ اور علی عمران یوسف کی جانب سے مسلسل دھمکیاں دی جارہی ہیں، میری جان کو خطرہ ہے، چیف جسٹس ازخود نوٹس لیتے ہوئے ہمیں تحفظ فراہم کریں اور مجھے انصاف دیں کہ میری اجازت کے بغیر حمزہ شہباز ڈاکٹر رابعہ سے دوبارہ شادی نہیں کرسکتا،

یہ بات انھوں نے چیف جسٹس کے نام لکھے گئے ایک خط میں کہی، انھوں نے کہا کہ ڈاکٹر رابعہ مجھ سے پہلے حمزہ شہباز کی بیوی تھی جس کو حمزہ نے طلاق دے دی تھی اب دوبارہ اس سے شادی کررہا ہے جبکہ میری موجودگی اور میری اجازت کے بغیر حمزہ یہ شادی نہیں کرسکتے، میں نے مقامی عدالت کے ذریعے ان کو نوٹسز بھجوائے تھے، شادی میں رکاوٹ ڈالنے پر مجھے اور میرے خاندان کو مسلسل دھمکیاں دی جارہی ہیں، ان دھمکیوں کی وجہ سے مجھے،

میری بیٹی ماہ نور، بیٹے غلام مصطفی اور بھائی یوسف کی جان کو خطرہ ہے، خط میں عائشہ احد نے ایک وڈیو کا بھی تذکرہ کیا جس میں حمزہ شہباز نے اس کا خاوند ہونے کا حلف لیا تھا، خط میں عائشہ نے بتایا کہ میری حمزہ شہباز کے ساتھ اپریل2010 میں شادی ہوئی، اب وہ میری اجازت کے بغیر شادی کررہا ہے جو شرعی طور پر جائز نہیں، چیف جسٹس مجھے انصاف اور تحفظ فراہم کریں۔

مقبول خبریں