صحافیوں کیلیے لائف انشورنس اسکیم متعارف کرا رہے ہیں شرجیل میمن

کراچی یونین آف جرنلسٹس کی تقریب سے خطاب، کے یوجے جو چاہے گی ملے گا، فیصل سبزواری


Staff Reporter December 24, 2012
طاہر نجمی، امین یوسف،جی ایم جمالی، فہیم صدیقی کی بھی تقاریر ،صحافیوں میں ایوارڈ تقسیم۔ فوٹو: ایکسپریس

صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ صحافی برادی نے ہمیشہ جمہوریت کی بحالی کے لیے پیپلز پارٹی کے ساتھ ملکر کام کیا ہے۔

موجودہ حالات میں سب سے زیادہ خطرناک صورتحا ل کا سامنا میڈیا کو کرنا پڑتا ہے جس کے پیش نظر صحافیوں کے لیے لائف انشورنش اسکیم متعارف کرائی جارہی ہے اور صوبے کے تمام صحافیوں کو انشورنس کے اسمارٹ کارڈ جاری کیے جائیں گے۔ وہ اتوارکو آرٹس کونسل میں کراچی یونین آف جرنلسٹس (کے یو جے)کی جانب سے انتقال کیے جانے والے ممبران کے اہل خانہ کو کیش ایوارڈ اور دوران ڈیوٹی بم دھماکوں میں زخمی ہونے والے صحافیوں وکیمرہ مین کو ایوارڈ کی تقریب اور حلیم پارٹی سے بحثیت مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے۔

تقریب سے متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما اور صوبائی وزیر امور نوجوانان فیصل سبزواری ،کے یو جے کے صدر جی ایم جمالی، پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے جنرل سیکریٹری امین یوسف، کے یو جے کے جنرل سیکریٹری فہیم صدیقی اور سینیئر صحافی روزنامہ ایکسپریس کے ایڈیٹر طاہر نجمی نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں خیبر پختو نخواہ کے شہید سینیئرصوبائی وزیر بشیر احمد بلور اور امین یوسف زئی کی والدہ کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی بھی کرائی گئی۔ تقریب میں انتقال کرنے والے درجنوں صحافیوں کے ورثاء کو چیک دیئے گئے جبکہ زخمی ہونے والوں میں موٹرسائیکلیں، لیپ ٹاپ اور چیک کی صورت میں انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔اس موقع پر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن کی جانب سے ممبران کو اجرک اور ٹوپی کا تحفہ پیش کیا گیا ۔

کراچی یونین آف جرنلسٹس کی کاکردگی کو سراہتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے کہا کہ حکومت کی جانب سے جو5 کروڑ روپے فنڈ یا فلیٹوں کے لیے زمین فراہم کی گئی، وہ کوئی احسان نہیں، یہ ہمارا فرض تھا جو پورا کیا گیا۔ انھوں نے کہا کہ حکومت سندھ پر اخبارات کے جو بقایاجات ہیں وہ ادائیگی موجودہ حکومت سے پہلے 2005 والی حکومت نے بھی نہیں کی تھی، تاہم موجودہ حکومت ادائیگی کو یقینی بنا رہی ہے۔

02

اخباری مالکان پر بھی لازم ہے کہ وہ صحافیوں کی تنخواہیں و دیگر مراعات جلد از جلد فراہم کریں ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر فیصل سبز واری نے کہا کہ ایم کیو ایم صحافیوں کی جدوجہد میں ساتھ ہے، ہم نے ویج ایوارڈ کے لیے سندھ اسمبلی میں قرار داد پاس کرائی اور قومی اسمبلی میں بھی آواز اٹھائی۔

انھوں نے کہا کہ اخباری مالکان اور صحافیوں کے درمیان جو تنازع ہے اس پر مالکان اپنا نقطہ نظر پیش کرتے ہیں اور اگر ہم اشتہارات کے بل روک لیتے ہیں تو کہا جاتا ہے کہ پیسہ روک کر ہمیں بلیک میل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ کراچی یونین آف جرنلسٹس میری وزارت سے جس طرح کا تعاون چاہے گی وہ اسے حاصل ہوگا۔ تقریب سے اپنے خطاب میں جی ایم جمالی نے ممبران کی ویلفئیر کے لیے 5 کروڑ روپے اور فلیٹس کے لیے 16ایکڑ زمین فراہم کرنے پر صدر آصف علی زرداری، وزیر اعلیٰ سید قائم علی شاہ، اویس مظفر ٹپی اورصوبائی وزیر شرجیل انعام میمن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے صرف 5 روز میں انڈوومنٹ کی رقم فراہم کردی جو ریکارڈ ہے۔

اس کے علاوہ وزیر اعلیٰ نے زمین کی قیمت میں خصوصی رعایت دی ہے ، ہم اس پر بھی شکر گزار ہیں ۔یہ پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ ممبران کو حکومت کی جانب سے اتنی مراعات ملی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ممبران کو آئندہ ماہ فلیٹوں کے حوالے سے مزید خوشخبری ملے گی۔ امین یوسف نے کہا کہ موجودہ کے یو جے قیادت نے وہ کارنامہ انجام دیا ہے جو اس سے پہلے کوئی نہیں دے سکا۔کے یو جے نے ممبران سے کوئی وعدہ نہیں کیا تھا لیکن اس کے باوجود جو کچھ ارکان کی فلاح و بہبود کے لیے کیا گیا ہے، وہ تاریخ میں یاد رکھا جائے گا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے گرین پینل کے سرپرست اور ایڈیٹر ایکسپریس کراچی طاہر نجمی نے کراچی پریس کلب میں 29 دسمبر کو ہونے والے انتخابات کے لیے جی ایم جمالی کو صدر اور فیصل عزیز کو سیکریٹری نامزد کرتے ہوئے کہا کہ باقی امیدواروں کا اعلان جلد کر دیا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ کے یو جے کی موجودہ باڈی نے دعوے نہیں عملی کام کیا ہے جو خود ایک ثبوت کی شکل میں موجود ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں