برسبین ٹیسٹ کھلاڑیوں کے اعتماد میں بہتری آئیگی شعیب محمد

آئندہ میچز میں مثبت نتائج سامنے آسکتے ہیں، غلطیوں سے اجتناب برتنا ہوگا


Sports Reporter December 20, 2016
ہمارے کھلاڑی اپنی غلطیوں سے اجتناب کرتے ہوئے نئے جذبے کے ساتھ میدان میں اترے توکامیابی ان کا مقدر بن سکتی ہے۔ فوٹو: فائل

سابق ٹیسٹ کرکٹر شعیب محمد نے کہا ہے کہ آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں بہترین مقابلے کے بعد شکست پر قومی ٹیم کو سراہا جانا مسرور کن ہے، عبرتناک شکست سے بچ کر ہمارے کھلاڑیوں کے اعتماد میں بہتری آئے گی جس کے نتائج اگلے مقابلوں میں سامنے آسکتے ہیں۔

برسبین ٹیسٹ کے اختتام پرنمائندہ ''ایکسپریس'' سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ بدقسمتی سے پاکستان کے آخری دونوں کھلاڑی زیادہ مزاحمت کرنے میں ناکام رہے، اگر یاسر شاہ قدرے ذمہ داری دکھاتے توپاکستان فتح کے مزید نزدیک پہنچ جاتا، چھٹی پوزیشن پر آکربیٹنگ کرنے والے اسد شفیق نے اپنی اہلیت تسلیم کرائی، میرے والد مرحوم حنیف محمد کوبھی اسد شفیق سے ہمیشہ اچھی توقعات رہیں۔

ایک سوال پر شعیب محمد نے کہاکہ سیریز ابھی باقی ہے، پاکستان پہلا ٹیسٹ ہارا ضرور لیکن اب ہمارے کھلاڑی اگلے میچ میں دباؤکی کیفیت سے دوچار نہیں ہوں گے، البتہ میزبان ٹیم کو آسان سمجھنا بھی حماقت ہوگی، ہمارے کھلاڑی اپنی غلطیوں سے اجتناب کرتے ہوئے نئے جذبے کے ساتھ میدان میں اترے توکامیابی ان کا مقدر بن سکتی ہے۔