یمن میں کارگو شپ پر حملے میں7 پاکستانیوں کی شہادت

ساتوں پاکستانیوں کی لاشیں یمن میں ہی موجود ہیں جنھیں پاکستان لانے کے لیے انصار برنی ٹرسٹ نے کوششیں تیز کر دی ہیں


Editorial December 23, 2016
۔ فوٹو: فائل

مشرق وسطی کی موجودہ تشویش ناک صورت حال اس امر کی متقاضی ہے کہ ہمارے ہم وطن اس طرف سے ممکنہ حد تک حذر کریں اور بہت حد تک ایسا کیا بھی جا رہا ہے لیکن یمن کی سمندری حدود میں ایرانی کارگو شپ پر راکٹ حملے کا جو واقعہ پیش آیا ہے اس میں 7 پاکستانی شہید ہو گئے ہیں۔

موصولہ رپورٹس کے مطابق مال بردار جہاز مصر سے دبئی جا رہا تھا کہ یمنی حدود میں نامعلوم سمت سے راکٹ حملہ کیا گیا جس سے جہاز میں آگ لگ گئی اور وہ سمندر میں ڈوب گیا۔ جہاز کے کپتان انیس الرحمان سمیت تمام عملہ پاکستانی تھا جن میں سے7 افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاع ہے، جب کہ شِپ آفیسر مسٹر کبیر نے سمندر میں کود کر جان بچائی۔

اطلاعات کے مطابق ساتوں پاکستانیوں کی لاشیں یمن میں ہی موجود ہیں جنھیں پاکستان لانے کے لیے انصار برنی ٹرسٹ نے کوششیں تیز کر دی ہیں۔ حملے میں زندہ بچ جانے والے شپ آفیسر نے ہی پاکستان میں شپنگ کمپنی کے ایجنٹ کو واقعہ کی اطلاع دی۔ جن ممالک میں خانہ جنگی ہو رہی ہو' اس کی سمندری حدود بھی بہت خطرناک ہو جاتی ہیں' صومالیہ کے بحری قزاق بھی اپنے ملک کی سمندری حدود سے گزرنے والے جہازوں پر حملے کرتے رہے ہیں' اب یمن میں یہ واقعہ پیش آ گیا ہے حکومت پاکستان کو اس حوالے سے اپنی ذمے داری پوری کرنی چاہیے اور جو پاکستانی اس حملے میں جاں بحق ہوئے ہیں' ان کی میتیں پاکستان لانے کے لیے اقدامات کرنے چاہئیں۔