ون ڈے سیریز سینئرکھلاڑیوں کو نظراندازکرنا مہنگا ثابت ہوسکتا ہے وسیم اکرم

محمدعرفان نے بھارت کے خلاف پہلے میچ میںقابل ستائش کارکردگی دکھائی


APP December 28, 2012
ٹیم میں نئے کھلاڑیوں کو شامل کرنے کے حق میں ہوں لیکن سینئر کو ایکدم نظر انداز کرنا مہنگا پڑ سکتا ہے، وسیم اکرم۔ فوٹو: اے ایف پی / فائل

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے کہا ہے کہ بھارت کیخلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں فتح خوش آئند ہے۔

ون ڈے سیریز کیلیے سینئر اور تجربہ کار کھلاڑیوں کو نظر اندازکرنا مہنگا ثابت ہو سکتا ہے، محمد عرفان کی بولنگ سے مطمئن اور حریف بیٹسمینوں کیلیے اس کا سامنا آسان نہیں ہو گا، اس نے بھارت کیخلاف پہلے میچ میںقابل ستائش کارکردگی دکھائی۔

اگر وہ اسی طرح لائن و لینتھ سے بولنگ کرتے رہا تو دنیا کے کسی بھی بڑے بیٹسمین کیلیے اس کا سامنا کرنا آسان نہیں ہو گا۔ عظیم فاسٹ بولر نے کہا کہ پہلے میچ میں کھلاڑیوں نے دبائو کو اچھی طرح سے سنبھالا، تمام پلیئرز نے اپنی ذمہ داری احسن طریقے سے نبھائی جس کی وجہ سے ٹیم فتحیاب رہی۔ انھوں نے کہا کہ کپتان محمد حفیظ اور شعیب ملک نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کر کے ٹیم کو اہم کامیابی دلائی، اگر پلیئرز اگلے میچ میں بھی اسی طرح کھیلے تو فتح ہماری ہی ہو گی۔ سابق فاسٹ بولر نے کہا کہ میں ٹیم میں نئے کھلاڑیوں کو شامل کرنے کے حق میں ہوں لیکن سینئر کو ایکدم نظر انداز کرنا مہنگا پڑ سکتا ہے۔